اطالوی میئر کی ہر شخص کو مفت بکریاں دینےکی انوکھی پیشکش

اتوار 7 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 اٹلی کے ایک جزیرے کے میئر نے جانوروں کی زیادہ آبادی کے مسئلے کو ایک غیر معمولی پیشکش کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے ہر اس شخص کے لیے مفت بکریاں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جو انہیں پکڑ سکتا ہے۔

سسلی کے ایولیان جزیرے میں واقع الیکوڈی کے میئر ریکارڈو گلو نے اس وقت ’ بکری کو گود لینے‘ کا پروگرام متعارف کرایا جب اس چھوٹے سے جزیرے پر جنگلی بکریوں کی آبادی تقریباً انسانی آبادی سے 6 گنا بڑھ گئی۔

ریکارڈو گلو نے کہا کہ جو کوئی بھی مقامی حکومت کو درخواست ای میل کرتا ہے اور 17 ڈالر کی ’اسٹیمپ فیس‘ ادا کرے گا وہ جتنی چاہیں بکریاں لے جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ منظوری کے 15 دن کے اندر اندر انہیں جزیرے سے باہر لے جائیں۔

انہوں نے دی گارڈین کو بتایا، کہ ’ کوئی بھی بکری کے لیے درخواست دے سکتا ہے، اس کا کسان ہونا بھی ضروری نہیں ہے اور تعداد پر بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم فی الحال 10 اپریل تک دستیاب ہے، لیکن وہ اس ڈیڈ لائن میں اس وقت تک توسیع کریں گے جب تک کہ بکریوں کی آبادی زیادہ منظم تعداد میں واپس نہیں آ جاتی۔

میئر نے امریکی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ حکام ممکنہ بکری مالکان کے ارادوں کی تحقیقات نہیں کریں گے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ لوگ جانوروں کو کھانے کے بجائے انہیں پالنے کی کوشش کریں۔

جزیرے میں بکریاں پالنے کا آغاز تقریباً 20سال پہلے ہوا تھا، جب انہیں مبینہ طور پر ایک ایسا شخص الیکوڈی لایا تھا، جس کا ارادہ ان کی افزائش کرنا تھا، لیکن آخر کار وہ ریوڑ بھٹک گئے اور جنگلی ہو گئے۔

بکریاں جزیرے کے لیے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں لیکن گلو کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے یہ جانور اپنی معمول کی رہائش گاہ سے باہر پھیل کر باغات اور گھروں پر حملہ کرنے لگے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp