اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ خاور مانیکا اور ان کے وکیل راجا رضوان عباسی کی عدم پیشی پر عدالت کو سماعت 2 بار ملتوی کرنا پڑی۔ عدالتی وارننگ پر سماعت تیسری بار شروع ہوئی تو وکیل راجا رضوان عباسی عدالت پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں
راجا رضوان عباسی نے گواہوں کے ٹرائل کورٹ میں دیے بیانات اور عدالتی فیصلہ پڑھا، دلائل شروع کرتے ہوئے وکیل نے کہا کہ دلائل آج مکمل نہیں ہوسکتے، سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی جائے۔ وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہی نکاح خواں کو دوبارہ نکاح کے لیے کہا تھا، شواہد موجود ہیں کہ دونوں عدت میں نکاح سے متعلق آگاہ تھے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے التوا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کیس پینڈنگ کرنا ہے، اگر کوئی وکیل کہے 100 گھنٹے چاہییں تو یہ نہیں ہو سکتا۔ دو بار تاخیر پیدا کی، کامیاب ہوئے، اب نہیں ہونے دیں گے، سسٹم کو استعمال کیا گیا، مزید استعمال نہ ہونے دیا جائے، کل نہیں تو پرسوں تک سماعت ملتوی کردیں۔ دوران سماعت ہی راجا رضوان عباسی کمرہ عدالت سے چلے گئے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آپ نے اس کورٹ پروسیڈنگ کو کنٹرول
کرنا ہے، ابھی تو تاریخ نہیں دی، رضوان عباسی بھاگ کیسے گئے؟ کیا ہو رہا ہے یہ، قانون کو نافذ کریں، بغیر اجازت جانے پر تو توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے، ہم بہت ہی زیادہ رنجیدہ ہیں ۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی۔