سوشل میڈیا پر ایک کچرا چننے والے بچے کی ویڈیو صارفین کے دلوں کو چھو گئی ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والا بچہ اپنے حلیے سے مفلوک الحال نظر آتا ہے۔ بچے نے کندھے پر کچرا چننے والوں جیسا تھیلا بھی اٹھا رکھا ہے۔
بچے کے پاؤں میں جوتے بھی نہیں ہیں اور اس نے پیلے رنگ کی قمیض اور سفید شلوار پہن رکھی ہے۔
ایک مصروف سڑک کے تقریباً درمیان میں کھڑا یہ نرم دل رکھنے والا بچہ اپنے داہنے ہاتھ سے گلی کے کتے کو آئس کریم کھلا رہا ہے۔
دوسری جانب کتا بھی دم ہلا ہلا کر مزے سے آئس کریم کھا رہا ہے۔ جب آئس کریم ختم ہونے پر آتی ہے تو اس کا کچھ حصہ سڑک پر گر جاتا ہے۔ بچہ فوراً جھک کو آئس کریم کا وہ حصہ اٹھاتا ہے اور اپنے ہاتھ سے کتے کو کھلا دیتا ہے۔
فیس بک پر مختلف اکاؤنٹس اور پیجز پر دلچسپ عبارات کے ساتھ یہ ویڈیو اپلوڈ کی گئی ہے جسے صارفین بے حد پسند کر رہے ہیں۔
صارفین بچے کے لیے ستائش بھرے کمنٹس بھی کر رہے ہیں۔ کوئی اشعار پوسٹ کر رہا ہے تو کوئی قرآنی آیات جن میں دوسروں پر رحم کرنے اور انہیں فائدہ پہچانے کی تلقین کی گئی ہے۔
ایک صارف نے بچے کو انسانیت کے اعلیٰ مقام پر فائز قرار دیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ، ‘بہترین انسان وہ ہے جس کے پاس سماجی تبلیغ کیلئے اَلفاظ کی بجائے بہترین کردار ہو’۔
اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ اگر آپ نے کسی انسان کے اخلاق کو جاننا ہو تو دیکھیں کہ اس کا جانوروں کے ساتھ رویہ کیسا ہے۔
ایک صارف نے بچے کی تعریف میں شعر پوسٹ کیا کہ، ‘جس کی جیسی سوچ وہ ویسی کہانی رکھتا ہے / کوئی پرندوں کے لیے بندوق تو کوئی پانی رکھتا ہے’۔
بچے کا مفلسانہ حلیہ دیکھ کر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ، ‘لباس کو اعلیٰ نہیں، کردار کو عظیم بناؤ، ہر لباس میں اچھے لگو گے’۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس بچے کے پیر میں جوتے نہیں، شاید پیٹ میں روٹی بھی نہ ہو، مگر اس کے سینے میں بہت بڑا اور خوبصورت دل ہے۔ ایسے لوگ انمول ہیں۔