پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی اکثر و بیشتر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے تجزیوں اور تبصروں کی وجہ سے موضوع گفتگو بنے رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کبھی ان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کبھی صارفین ان کے تبصروں کو خوب پسند بھی کرتے ہیں ۔
پچھلے دنوں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عدالت میں پیشی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب زیر بحث رہی اور اسی دوران سابق کپتان شاہد آفریدی کے حوالے سے ایک بیان گردش کرنے لگا جس کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری دے دینی چاہیے تاکہ ملک کے مسائل میں کمی آسکے۔
اس بیان کے وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف اور عمران خان کے حامی صارفین نے شاہد آفریدی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور دیکھتے ہی دیکھتے شاہد آفریدی کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ شروع ہوگیا۔
میرے خلاف جوبھی ایسا کررہاہے یہ بہت گندی سیاست ہے،شاہدآفریدی
شاہد آفریدی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا رخ کیا اور ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں کل سے دیکھ رہا ہوں کہ میرے نام سے منسوب ایک بیان عمران خان کے حوالے سے چل رہا ہے، یہ بہت افسوس کی خبر ہے، جو بھی یہ کررہا ہے وہ بہت گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے’۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ‘میں ان کی سیاست میں نہ پڑنا چاہتا ہوں، نہ اس کا حصہ ہوں، الحمداللہ میری اتنی ہمت ہے کہ کچھ کہنا ہوگا تو خود کہوں گا، مجھے کہیں بھی دکھا دیں کہ میں نے عمران بھائی سے متعلق ایسی بات کی ہو’۔
انہوں نے درخواست کی کہ ‘برائے مہربانی مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں، آپ لوگوں کو آپ کی سیاست مبارک ہو،میرا یقین صرف ایک قسم کی سیاست پر ہے اور وہ عوام اور ملک کی خدمت کرنا ہے ‘۔
داماد بھی سسر کے حق میں سامنے آگئے
شاہد آفریدی کے اس ویڈیو بیان کے بعد ان کے داماد اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بھی ان کے حق میں بول پڑے اور اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ صرف پاکستان کے بارے میں سوچیں۔
شاہین شاہ نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو کسی ایسے کام میں شامل نہیں کرنا چاہیے جو ہمیں مزید تقسیم کرے۔ ہم سب کو اپنی اپنی فیلڈز میں مثبت رہ کر پاکستان کا حق ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان نور ہے اور اللہ پاک اس نور کی ہمیشہ حفاظت فرمائیں گے، آمین۔
I request you all to only think about Pakistan. We should not indulge ourselves into any act which divides us further. Hum Sab ko apni apni fields me positive reh ker Pakistan ka haq Ada kerna hoga. Pakistan Noor hai or Allah pak is Noor Ki Hamesha hifazat farmayain ge, Ameen. https://t.co/ZCUp6CPZi4
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) March 19, 2023
شاہد آفریدی کے اس بیان کے بعد ان کے مداحوں نے ان کا ساتھ دیا اور لکھا کہ شاہد آفریدی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے دلوں میں ایک ہیرو کی طرح راج کریں گے ، ایسے جعلی پروپیگنڈے ان کے دلوں میں شاہد آفریدی کی محبت کو کم نہیں کر سکتے۔