ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 10 چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
مزید پڑھیں
ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث نامزد ملزمان میں اورنگزیب، عبدالرؤف اور منشا شامل ہیں جن کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے بجلی چوری کررہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں آئیسکو حکام نے موقع پر مذکورہ میٹرز قبضے میں لے لیے۔
بجلی چوری سے خزانے کو 44 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان
ترجمان کے مطابق ملزمان کی جانب سے مجموعی طور پر 9800 یونٹس کی بجلی چوری کی گئی جس سے قومی خزانے کو 44 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے تمام سرکلز میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔