وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 28 سے 29 اپریل 2024 تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی تعاون، ترقی اور توانائی سے متعلق ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں
جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ورلڈ اکنامک فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب کی جانب سے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ فورم میں اعلیٰ سطح پر شرکت پاکستان کی ترجیحات بالخصوص صحت کے عالمی مسائل، جامع ترقی، علاقائی تعاون کی بحالی اور ترقی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔
مرکزی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عالمی رہنماؤں، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور ایونٹ میں شریک دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم 4 اور 5 مئی 2024 کو گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں پائیدار ترقی کے لیے مذاکرات کے ذریعے اتحاد اور یکجہتی کو بڑھانا‘ کے موضوع پر اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔