خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے جہاں دیگر اقدامات اٹھائے ہیں وہاں اس نے یاک فارمنگ پر بھی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ یاک یا ژو، گائے کی نسل سے تعلق رکھنے والے مویشوں میں شامل ہے جو ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں پایا جاتا ہے، جس میں پاکستان کے گلگت، بلتستان کے علاقے، نیپال، سکم، تاجکستان اور منگولیا شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
بڑے سینگوں اور لمبے بالوں والے یہ مویشی انتہائی سرد علاقوں میں زندہ رہ سکتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں یاک (yak) کی کل آبادی 18000 ہے جس کی نسل کی حفاظت اور افزائش میں بہتری کے ذریعے نہ صرف خود کفالت حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ برآمدی صلاحیت کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔
سخت ماحول میں رہنے کے باعث یاک(yak) کا گوشت، دودھ اور اس سے حاصل ہونے والے دیگر اجزاء غذائیت اور صحت سے بھرپور ہوتے ہیں جن میں کولسٹرول کی مقدار بھی انتہائی کم ہوتی ہے۔ یاک (yak) فارمنگ کی بدولت اعلیٰ معیار کا گوشت، دودھ اور دیگر اجزا نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے بلکہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو بھی بہتر بنائیں گے۔