ریگستان کا جانور اونٹ کشمیر کے پہاڑوں پر

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک ایسے موقع پر جب کشمیر میں بارشیں ہورہی ہیں اور پہاڑوں پر غیر معمولی طور پر برف باری شروع ہے، مظفرآباد شہر میں اونٹ کئی روز سے دیکھے جارہے ہیں۔

ان اونٹوں کے مالک حماد علی کا تعلق پنجاب کے علاقے شیخوپورہ سے ہے۔ وہ اپنے خاندان کے 15 افراد کے ہمراہ 6 اوٹنیوں کے ساتھ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک گھوڑا اور ایک کتا بھی ساتھ لایا ہے۔ ’کتا رکھوالی کرتا ہے جبکہ گھوڑا اوٹنیوں کے لیے چارہ لانے کے لیے استعمال ہوتا ہے‘۔

حماد علی نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ 6 سال سے اونٹ لے کر کشمیر آرہے ہیں۔ انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہاکہ ان کو اپنی رہائش کے علاوہ اونٹوں کا چارہ اور ان کو رکھنے لیے جگہ مفت مل جاتی ہے اور دودھ بھی 300 سے 400 روپے کلو میں فروخت ہوجاتا ہے۔

اونٹ کا دودھ صحت کے لیے مفید

مظفرآباد کے رہائشی ظفیر راٹھور ان سے اونٹ کا دودھ خریدتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اونٹ کا دودھ نہیں ملتا۔

ظفیر راٹھور نے بتایا کہ پنجاب سے لوگ یہاں اونٹ لے کر آتے ہیں اور دودھ کا کاروبار کرتے ہیں۔

’ظفیر راٹھور اونٹ کا دودھ استعمال کرتے ہیں، کیوں کہ ان کے خیال میں اونٹ کا دودھ صحت کے لیے مفید ہے‘۔

اونٹ کے دودھ کے کیا کیا فوائد ہیں؟

مظفرآباد میں لائیواسٹاک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اعجاز میر نے بتایا کہ اونٹ ٹھنڈے علاقے کا جانور نہیں بلکہ یہ صحرا اور گرم علاقوں میں پایا جاتا ہے، لیکن پچھلے کچھ سالوں سے گرمیوں میں یہ یہاں دیکھنے کو ملتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھمبر اور میرپور گرم علاقے ہیں وہاں چند لوگوں نے شوق سے اونٹ پالے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر اعجاز نے کہاکہ یہاں پر زیادہ گائے اور بھینس کا دودھ استعمال ہوتا ہے اور لوگ اونٹ کا دودھ زیادہ پسند نہیں کرتے۔

ڈاکٹر اعجاز مانتے ہیں کہ اونٹ کے دودھ کے بہت زیادہ فوائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اونٹ کے دودھ میں ’ایمیونو گلوبنز گلوبلاز‘ یعنی وہ اینٹی باڈیز جو جسم کو قوت مدافعت فراہم کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن اے، وٹامن بی کمپلیکس اور وٹامن سی پائے جاتے ہیں‘۔

ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے لیے بھی اونٹ کا دودھ مفید

اعجاز میر نے کہاکہ اونٹ کا دودھ ان لوگوں کے لیے بھی مفید ہے جن کو ڈائبٹیز ہوتی ہے، کیونکہ اگر کسی ایسے مریض کو زخم ہو تو اونٹ کا دودھ زخم مندمل کرنے میں مدد دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اونٹ کا دودھ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp