پرتگال کے لیجنڈ فٹ بالر اور سعودی کلب النصر کے اسٹار پلیئر کرسٹیانو رونالڈو اپنی بے مثال فٹنس اور سخت ٹریننگ کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ وہ 39 سال کی عمر میں اس وقت بھی بہترین فارم میں ہیں۔ اپنے فٹبال کیریئر میں وہ 5 ’بیلون ڈی اور ایوارڈ‘ اور کئی چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں
رونالڈو فٹبال کی دنیا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ رواں سیزن میں اب تک وہ 48 گول کرچکے ہیں۔ جبکہ کلب اور انٹرنیشنل لیول پر وہ مجموعی طور پر 890 گول کرچکے ہیں۔
اپنی اس کامیابی کو پانے کے لیے رونالڈو نے سخت ٹریننگ کے علاوہ اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بھی سخت محنت کی ہے۔
حال ہی میں وہ ایک ٹیک کمپنی کے گلوبل ایمبیسیڈر بھی بنے ہیں۔ اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کیسے خود کو ذہنی تناؤ سے دور رکھتے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کے جواب نے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ رات 10 بجے کے بعد فون پر کسی سے کوئی بات نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا، ’ایسا میں اپنے ذہنی سکون کے لیے کرتا ہوں کیونکہ بات کرنے سے ذہنی سرگرمی کا آغاز ہو جاتا جبکہ میں رات کو پرسکون ہوکر سونا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی انہیں رات 10 بجے کے بعد کال کرنے کی زحمت نہ کرے تاوقتیکہ کوئی ایمرجنسی ہو یا کسی دوست کو ان کی ضرورت ہو۔