پاکستانی ذرائع ابلاغ پر واقعہ سے متعلق غلط اطلاعات روکی جائیں، کرغزستان

ہفتہ 18 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر جمہوریہ کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے بشکیک میں تشدد کے واقعات کے سلسلے میں کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ امنگازیف الماز سے ملاقات کی۔

سفیر حسن ضیغم نے پاکستانی شہریوں بالخصوص متاثرہ پاکستانی طلباء کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ کے خدشات سےکرغز نائب وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا۔ سفیر حسن ضیغم نے  نے کرغز حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دیں۔

کرغز نائب وزیر خارجہ نے پاکستانی سفیر کو بتایا کہ کرغز حکام نے صورتحال پر قابو پالیا ہے جو اب معمول پر آ گئی ہے، کرغیز پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

معاملے کی براہ راست نگرانی کرغیز صدر کر رہے ہیں

انہوں نے پاکستانی سفیر کو آگاہ کیا کہ اس معاملے کی براہ راست نگرانی کرغیز صدر کر رہے ہیں۔ انہوں نے سفیر کو یقین دلایا کہ کرغزستان کی حکومت کل کے حملے کے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔

نائب وزیر خارجہ الماز نے  نے بتایا کہ کچھ پاکستانیوں سمیت چودہ غیر ملکی شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم  کر دی گئی ہے، ایک پاکستانی شہری زیر علاج ہے۔

 کرغستانی خبر رساں ادارے اے کے آئی پریس نیوز ایجنسی کے مطابق نائب وزیر خارجہ نے سفیر سے کہا کہ وہ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے درمیان رابطے کا کام کریں تاکہ اس واقعے کے بارے میں غلط معلومات کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب بشکیک میں زیرتعلیم پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی طلبہ و طالبات پر مقامی افراد کی جانب سے حملوں کی اطلاعات زیرگردش ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں چند پاکستانی طلبہ بھی معمولی زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان واقعات کے حوالے سے خاصی سنسنی پائی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp