عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کی والدہ کا اہم کردار ہے۔
ایک تازہ انٹرویو میں اے آر رحمان نے اپنے میوزک کیریئر کے ابتدائی دنوں میں پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو میرے پاس میوزک اسٹوڈیو بنانے کے لیے پیسے نہیں تھے، میں ایک خالی کمرے میں قالین پر بیٹھا کرتا تھا کیونکہ میرے پاس کچھ خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے۔ بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ اس وقت میری والدہ نے میری حوصلہ افزائی کی اور اپنے زیورات گروی رکھ کر مجھے کچھ رقم دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ والدہ کے دیے گئے پیسوں سے میں نے اسٹوڈیو بنایا اور موسیقی کے آلات خریدے جس کے بعد میں نے کئی گانے ترتیب دیے جو بہت مقبول ہوئے۔ اے آر رحمان نے کہا کہ میں بہت چھوٹا تھا جب میرے والد کا انتقال ہوگیا جس کے بعد ہماری والدہ نے اکیلے ہی ہمیں اس مقام تک پہنچایا۔