موسم بہار نے خیر باد کیا کہا کہ ملک بھر میں سورج نے بھی آگ برسانا شروع کردی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے اُوپر جا پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں
شدید گرمی سے بچنے اور اس کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ہر علاقے کا ایک اپنا ’حکیمی‘ مشروب موجود ہوتا ہے جو گرمی کی شدت کو قدرے کم محسوس کرنے میں آپ کو مدد فراہم کرتا ہے۔
پنچاب کے لوگ شدید گرمیوں میں سردائی اور ستو کا استعمال کرتے ہیں جبکہ سندھ کے باسی شیکنجوین کو گرمیوں میں اپنے مشروبات کا حصہ بناتے ہیں، ایسے میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی خشک کی گئی خوبانی کا شربت شدید گرمی کا توڑ تصور کیا جاتا ہے۔
خوبانی کے شربت کو بنانے کی ترکیب بے حد آسان ہے
خوبانی کا شربت فروخت کرنے والےایک شخص نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے پہلے مارکیٹ سے خشک خوبانی لائی جاتی ہے جسے اچھی طرح سے دھو کر گرم پانی میں رکھا جاتا ہے۔ جب خشک خوبانی اس پانی کو اچھی طرح جذب کر لیتی ہے تو پھر گرائنڈر میں چینی کے ساتھ ڈال کر اسے گرائنڈ کیا جاتا ہے اور بعد ازاں پانی میں شامل کرکے اسے شربت میں بدلا جاتا ہے اور پھر اسے بہترین مشروب کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے کوئٹہ کے باسی زیادہ تر خوبانی کا شربت استعمال کرتے ہیں کیونکہ دیگر بازاری کولڈ ڈرنکس اور مشروبات میں ایسے کیمیائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو صحت کے لیے اچھے نہیں ہوتے، اسی لیے لوگ زیادہ تر خوبانی کا شربت ہی استعمال کرتے ہیں۔