افواج پاکستان میں پہلی اقلیتی خاتون افسر ہیلن میری رابرٹس کو بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے، ہیلن میری رابرٹس پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں اقلیتی برادری سے اس عہدے تک پہنچنے والی پہلی مسیحی خاتون افسر ہیں۔
مزید پڑھیں
گزشتہ سال ہی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا تھا۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے پاکستان کی پہلی مسیحی خاتون افسر کو بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔
بریگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس آرمی میڈیکل کور سے وابستہ ہیں اور انہوں نے ملک کی 76 سالہ تاریخ میں مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون فوجی افسر کے طور پر تاریخ میں اپنا نام لکھوایا ہے۔
We are so proud of you, Helen 🙌🇵🇰
Meet Helen Mary Robert, the first-ever Christian woman from a religious minority in the 76-year history of the Pakistan Armed Forces, to be promoted to the rank of Brigadier in the Army Medical Corps.#WomenEmpowerment #WeRunTheWorld pic.twitter.com/MshyAZ9Qgj— Dr Shama Junejo (@ShamaJunejo) June 1, 2024
افواج پاکستان میں خواتین کئی دہائیوں سے میڈیکل کور کا لازمی حصہ رہی ہیں اور حال ہی میں خواتین نے فوج کے لڑاکا ڈویژنوں میں بھی شمولیت اختیار کرنا شروع کی ہے۔ افواج پاکستان میں اقلیتی مذہبی برادریوں کے دیگر ارکان بھی شامل ہوتے رہے ہیں اور نمایاں عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بریگیڈیئر ہیلن رابرٹس کی ترقی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون افسر ہیں جنہوں نے بریگیڈیئر رینک کا یہ عہدہ حاصل کیا ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس ڈاٹ کام ‘ پر بھی ہیلن میری رابرٹس کو بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک بادیں دی جا رہیں ہیں، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی مختلف پوسٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ہیلن میری رابرٹس نے حال ہی میں مسیحی اور مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون کی حیثیت میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پاک فوج میں بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی حاصل کی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔
Congratulations to Helen Mary Roberts, who has just made history as the first-ever Christian and the first-ever woman from a religious minority to be promoted to the rank of Brigadier in Pakistan Army. She serves in the Army Medical Corps. #GenderEquality 🇵🇰 pic.twitter.com/jcCaT4s5NC
— United Nations Pakistan – اقوام متحدہ پاکستان (@UNinPak) June 1, 2024
واضح رہے کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں، جس کے باعث حالیہ برسوں میں اقلیتی برادریوں کو درپیش سماجی چیلنجز کے پیش نظر ان کی ملک میں جاری خدمات کو مزید وسعت دی گئی ہے اور انہیں ان کے حقوق دینے میں مزید پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ سال آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات کے دوران ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا تھا۔ انہوں نے معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور انسان دوستی کو فروغ دینے کے لیے ان کی خدمات کے ساتھ ساتھ قومی دفاع میں ان کی قابل ذکر خدمات کی بھی تعریف کی تھی۔