سینیئر سیاستدان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نئی سیاسی جماعت پر کام کررہے ہیں جو رواں ماہ مکمل ہو جائے، اس وقت ملک میں نئی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جون میں نئی سیاسی جماعت کا اعلان کردیں گے، چند روز آگے پیچھے ضرور ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے لیکن مسلم لیگ ن اس وقت ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست چاہتی ہے اس لیے ان کے ساتھ نہیں چل سکتا، مگر جماعت سے کوئی شکوہ یا ذاتی لڑائی نہیں۔
سینیئر سیاستدان نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں ہماری سیاست ووٹ کو عزت دو کی تھی، نواز شریف نے اگر مسلم لیگ ن کی قیادت سنبھالی ہے تو پھر توجہ دینی پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ آج ملک میں گالم گلوچ کی سیاست ہورہی ہے، ماضی میں بھی تلخیاں رہیں اور ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالا گیا، مسائل کے حل کے لیے بات چیت کرنا پڑے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے ٹوئٹ کرکے اگر قانون توڑا ہے تو بالکل ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حمودالرحمان کمیشن رپورٹ 10 سے 12 سال سے انٹرنیٹ پر پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عارف علوی کے بطور صدر مملکت کردار سے متفق نہیں ہوں کیونکہ وہ خرابی بڑھنے سے روکنے کے بجائے فریق بن گئے۔