امریکا کی قومی سلامتی ایجنسی (این ایس اے) نے موبائل صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہفتے میں ایک بار ضرور اپنے فون بند اور آن کرنے کی عادت کو اپنائیں۔ ایجنسی نے ایسا کرنے کے بے شمار فوائد بتائے ہیں۔
مزید پڑھیں
امریکا کی قومی سلامتی ایجنسی کے سائبر کرائم کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے میں ایک بار ہی سہی اپنے موبائل کو ہر حال میں ریبوٹ (آن اینڈ آف) کرنے کی عادت بنا لیں کیوں کہ ایسا کرنے سے آپ سائبر حملوں سے بچ سکتے ہیں، اپنے اسمارٹ فونز کو جعل سازی، میلویئر اور اسپائی ویئر سمیت متعدد دیگر سیکیورٹی خطرات سے بھی بچا سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی سےمتعلق ایک میگزین کی رپورٹ کے مطابق امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے مطابق ایک کامیاب سائبر حملہ صارف کا ڈیٹا آرام سے چوری کر سکتا ہے اور یہاں تک کہ آپ کی شناخت کو بھی چوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میگزین کی ’موبائل ڈیوائس بیسٹ پریکٹسز‘ رپورٹ میں این ایس اے نے صارفین کو اپنے موبائل کو ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے میں مدد کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔
این ایس اے کے مطابق، سب سے آسان لیکن مؤثر طریقوں میں سے ایک طریقہ یہ ہے کہ ہفتے میں کم از کم ایک بار اپنے فون کو ریبوٹ یعنی آف اور آن کر دیں، آپ ایسے کسی حملے سے محفوظ ہو جائیں گے۔
ایجنسی کے مطابق موبائل کو آف اور آن کرنے کا یہ عمل ہیکرز کے لیے ڈیوائس سے معلومات چوری کرنا مشکل ترین بنا دیتا ہے، تاہم ایسا نہیں ہے کہ یہ عمل ہمیشہ کے لیے کسی حملے کو روک سکتا ہے، خطرات پھر بھی رہتے ہیں۔دیگر اسپیئر فشنگ حملے موبائل ڈیوائسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہیکرز اکثر اوقات مختلف ایپس، وائی فائی نیٹ ورکس کے ذریعہ ٹریفک کو روکنے ، اسپائی ویئر، آڈیو اور ویڈیو گفتگو یا ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے آپ کے موبائل کے ڈیٹا پر حملہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل کو آف اور پھر آن کرنے کے دیگر فوائد یہ ہیں کہ یہ بیک راؤنڈ میں چلنے والی ایپس کو ختم کر دیتا ہے، عارضی فائلوں کو صاف کر دیتا ہے اور نیٹ ورک کنکشن کو بھی دوبارہ ترتیب دیتا ہے۔ مزید یہ کہ موبائل ریبوٹ کرنے سے زیر التواء سسٹم اپ ڈیٹس بھی ہو جاتا ہے اور ڈیوائس کی میموری کو بھی ریفریش کر دیتا ہے اس طرح آپ کے موبائل کی مجموعی کارکردگی کے بہت حد تک بہتر کر دیتا ہے۔