ڈپٹی کمشنر جہلم نے اساتذہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران فلمیں دیکھنے کی ہدایت جاری کرنے والے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو معطل کر دیا ہے، اس ضمن میں ڈی سی آفس سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کے خلاف اساتذہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران فلمیں دیکھنے کی ہدایت پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کرنے کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ ابھی انکوائری کمیٹی نے راؤ عبد الکریم کو نوکری سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا جس پر ڈی سی آفس نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کو نوکری سے فوری معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر جہلم کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اساتذہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ہالی ووڈ اور بالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اساتذہ کو بالی ووڈ کی فلمیں تارے زمین پر، ہچکی، بلیک، میں ہوں کلام، سوادیس جبکہ ہالی ووڈ فلمیں اے بیوٹی فل مائنڈ، فورسٹ گمپ، تھیوری آف ایوری تھنگ، پارٹ آف ہیپی نیس، گُڈ ڈایناسور، وال ای، گڈ وِل ہنٹنگ، گریٹ ڈیبیٹرز، اسپرٹ، اَپ اور اسپرٹڈ اوے جیسی فلمیں دیکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے فوراً بعد جہلم کے ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن کو سرکاری طور پر منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد سیاست دان فواد چوہدری اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مذکورہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے تنقید کی گئی تھی۔