قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے سرور خواجہ کو بزنس ایڈمنسٹریشن میں پریکٹس کا ممتاز پروفیسر مقرر کردیا۔
مزید پڑھیں
یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق سرور خواجہ اس وقت آکسفورڈ بزنس کالج میں بورڈ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اب وہ اکیڈمی اور انڈسٹری دونوں میں زبردست تجربہ رکھنے کے لحاظ سے یونیورسٹی کی تعلیمی فضیلت اور عملی مہارت کو فروغ دینے کے مشن میں بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔
پریکٹس کے ممتاز پروفیسر کے طور پر اپنے کردار میں خواجہ سرور علمی نظریات اور حقیقی دنیا کے کاروباری طریقوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
آکسفورڈ بزنس کالج میں ان کا وسیع تجربہ یونیورسٹی کے طلبا اور فیکلٹی کے لیے انمول ہوگا۔ وہ بیان کردہ کردار کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جانب سے سرور خواجہ کا خیرمقدم
قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے سرور خواجہ کی تقرری پر اپنے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں سرور خواجہ کا خیرمقدم کرنے پر فخر ہے اور ہم ان کی مہارت سے مستفید ہونے کے منتظر ہیں‘۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ سرور خواجہ جامعہ کے بزنس ایڈمنسٹریشن پروگرام کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
سرور خواجہ کا ممتاز کیرئیر 3 دہائیوں پر محیط ہے جس کے دوران انہوں نے بزنس ایجوکیشن میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ آکسفورڈ بزنس کالج میں ان کا دور متعدد کامیابیوں سے مزین ہے جن میں اختراعی نصاب کی ترقی، اسٹریٹجک انڈسٹری پارٹنرشپ کا قیام اور طلبا اور فیکلٹی کے درمیان فضیلت کے کلچر کو فروغ دینا شامل ہے۔
اپنے نئے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے سرور خواجہ نے کہا کہ ’میں قائداعظم یونیورسٹی میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہوں جو ایک باوقار ادارہ ہے جس میں علمی فضیلت اور سماجی اثرات کا پختہ عزم ہے‘۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد پاکستان کا ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جو اپنی علمی فضیلت اور تحقیقی شراکت کے لیے مشہور ہے۔ یونیورسٹی مختلف شعبوں میں انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے پروگراموں کی ایک وسیع رینج پیش کرتی ہے جو فکری نشوونما اور اختراع کے ماحول کو فروغ دیتی ہے۔