لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت 4 اپریل تک منظور کر لی ہے اور پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں مگر پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتار کرنے سے روکاجائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں 3 مقدمات درج ہیں جن میں ان کے اپنے ہی کارکن ظل شاہ کی موت،جھلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام لگایا گیا ہے۔مقدمات میں انسداد دہشت گردی اور اعانت جرم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
عمران خان کا موقف سننے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کی تینوں مقدمات میں 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ان مقدمات میں ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دی تھی اور متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔