نریندر مودی کی کابینہ میں کون کون شامل ہے؟

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نریندر مودی نے مسلسل تیسری مدت کے لیے عہدہ سنبھالتے ہوئے اپنی کابینہ بھی تشکیل دے دی ہے جس کے اراکین میں 36 سے 73 سال  کے وزرا شام ہیں۔ گو بھارتیہ جنتا پارٹی کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی اس کابینہ میں اقلیت سے 5 اراکین پارلیمنٹ لیے گئے ہیں لیکن ان میں ایک بھی مسلمان شامل نہیں کیا گیا۔

’ پنڈت جواہر لعل نہرو کی طرح مودی تیسری بار وزیراعظم‘

بھارتی میڈیا کے مطابق 73 سالہ مودی نے پنڈت جواہر لعل نہرو کی طرح ملک کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

جواہر لعل نہرو سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے والد، سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے نانااور انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد انڈین ڈویلپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے رہنما راہل گاندھی کے پر نانا تھے۔

مودی کابینہ کی اوسط عمر

ان کی کابینہ کی اوسط عمر 58 سال ہے جن میں سے سب سے کم عمر 36 سالہ رام موہن اور سب سے عمر رسیدہ جیتن رام مانجھی  ہیں جن کی عمر 79 برس ہے۔

اتوار کو این ڈی اے کی پارلیمانی پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے مسلسل تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف کو مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

تاہم پاکستانی ذرائع کے مطابق پاکستان کو اگر مدعو کیا بھی جاتا تب بھی کشمیر کی صورتحال اور بھارتی حکومت کے رویے کے پیش نظر پاکستان ویسے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرتا۔  تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے نریندر مودی کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

جب سنہ 2019 میں مودی کی دوسری حکومت قائم ہوئی تھی تب جن وزرا نے حلف لیا تھا ان کی اوسط عمر 61 سال تھی۔ تاہم سنہ 2021 میں کابینہ کی توسیع کے ساتھ اوسط عمر 3 سال کم ہوکر 58 سال رہ گئی ہے۔

’کابینہ کے اکثریتی اراکین معروف، 33 نئے‘

راشٹرپتی بھون میں حلف برداری کی تقریب کے دوران مودی کے ساتھ کل 71 وزرا نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ اس میں 30 کابینی وزرا، 5 بنا قلمدان والے وزرا اور 36 وزرائے مملکت شامل تھے۔ تقرری کرنے والوں کی اکثریت جانی پہچانی شخصیات پر مشتمل ہے جن میں 33 ایسے ہیں جو کابینہ میں نئے ہیں۔ 7 خواتین ممبران پارلیمنٹ کو وزیر بنایا گیا ہے جن میں راجیہ سبھا کی رکن نرملا سیتا رمن بھی شامل ہیں۔

گزشتہ حکومت کے وزرا

وزیراعظم مودی کی دوسری میعاد میں سی سی ایس (ہوم، ڈیفنس، فائنانس، اور فارن افیئرز) کے 4 سرکردہ ارکان امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نرملا سیتارامن اور ایس جے شنکر نے اپنی کابینہ کے عہدوں کو برقرار رکھا ہے۔

اس کے علاوہ پیوش گوئل، دھرمیندر پردھان، اشونی وشنو، گجیندر سگھ شیخاوت، جیوتیرادتیہ سندھیا، بھوپیندر یادو، پرہلاد جوشی، اور ہردیپ پوری کو نئی حکومت میں شامل کیا گیا ہے۔

تاہم، انوراگ ٹھاکر، پرشوتم روپالا، راجیو چندر شیکھر، اسمرتی ایرانی، اور نارائن رانے جیسی قابل ذکر شخصیات کو اس بار شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انوراگ، روپالا، اور رانے الیکشن جیت جانے کے باوجود کابینہ کا حصہ نہیں ہیں۔

کیرالہ میں بے جی پی کو پہلی کامیابی دلوانے والے رکن بھی کابینہ میں شامل

کیرالہ میں بی جے پی کو پہلی بار جیت دلوانے والے سریش گوپی کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ لدھیانہ میں الیکشن ہارنے والے رونیت سنگھ بٹو کو بھی کابینہ کا عہدہ دیا گیا ہے۔ بٹو انتخابات سے پہلے کانگریس سے بی جے پی میں چلے گئے تھے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی سربراہی میں بننے والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی حکومت کی کابینہ میں 12 سے زیادہ اراکین ایسے ہیں جن کی عمر 70 سال یا اس سے زیادہ ہے۔

70 اور اس سے زیادہ عمر کے وزرا

جیتن رام مانجھی (79 سال)

راؤ اندرجیت سنگھ (74 سال)

رام ناتھ ٹھاکر (73 سال)

وی سومنا (73 سال)

گری راج سنگھ (72 سال)

راج ناتھ سنگھ (72 سال)

ہردیپ سنگھ پوری (72 سال)

شری پد نائک (71 سال)

ڈاکٹر وریندر کمار (70 سال)

منوہر لال (70 سال)

ارجن رام میگھوال (70 سال)

بھاگیرتھ چودھری (70 سال)

60 سے 69 سال کی عمر کے وزرا

راجیو رنجن سنگھ عرف لالن سنگھ (69 سال)

ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر (69 سال)

سی آر پاٹل (69 سال)

نتن جے رام گڈکری (67 سال)

ڈاکٹر جتیندر سنگھ (67 سال)

کرشن پال گرجر (67 سال)

شیوراج سنگھ چوہان (65 سال)

سریش گوپی (65 سال)

نرملا سیتارامن (65 سال)

ایچ ڈی کماراسوامی (64 سال)

رام داس اٹھاولے (64 سال)

سنجے سیٹھ (64 سال)

جگت پرکاش نڈا (63 سال)

جوال اورم (63 سال)

جادھو پرتاپراؤ گنپتراؤ (63 سال)

ایس پی سنگھ بگھیل (63 سال)

جارج کورین (63 سال)

بی ایل  ورما (62 سال)

سربانند سونووال (61 سال)

پرہلاد جوشی (61 سال)

پیوش گوئل (60 سال)

درگا داس اوئیکے (60 سال)

ہرش ملہوترا (60 سال)

50 سے 59 سال کی عمر کے وزرا

امیت شاہ (59 سال)

جی کشن ریڈی (59 سال)

پنکج چودھری (59 سال)

نتیا نند رائے (58 سال)

کیرتی وردھن سنگھ (58 سال)

گجیندر سنگھ شیخاوت (57 سال)

شوبھا کرندلاجے (57 سال)

نیموبین جینتی بھائی بامبھانیا (57 سال)

بھوپتی راجو سرینواس ورما (56 سال)

ٹوخان ساہو (55 سال)

دھرمیندر پردھان (54 سال)

بھوپیندر یادو (54 سال)

اناپورنا دیوی (54 سال)

اشونی ویشنو (53 سال)

کرن رجیجو (53 سال)

جیوترادتیہ ایم سندھیا (52 سال)

ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ (52 سال)

بندی سنجے کمار (52 سال)

جتن پرساد (50 سال)

اجے ٹمٹا (50 سال)

40  سے 49 سال کی عمر کے وزرا

مرلیدھر موہول (49 سال)

ستیش چندر دوبے (49 سال)

پابیترا مارگریٹا (49 سال)

ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی (48 سال)

رونیت سنگھ (48 سال)

ڈاکٹر ایل مروگن (47 سال)

کملیش پاسوان (46 سال)

راج بھوشن چودھری (46 سال)

جینت چودھری (45 سال)

ساوتری ٹھاکر (45 سال)

سکانتا مجمدار (44 سال)

انوپریہ پٹیل (43 سال)

چراغ پاسوان (42 سال)

شانتنو ٹھاکر (41 سال)

30  سے ​​39 سال کی عمر کے وزرا

کے رام موہن نائیڈو (36 سال)

رکشا نکھل کھڈسے (37 سال)

خواتین وزرا کل کابینہ کی 10 فیصد سے کم

اس بار مودی حکومت نے اپنی کابینہ میں نوجوانوں اور خواتین کے درمیان توازن قائم کیا ہے۔ 7 خواتین کو تعینات کیا گیا ہے جو کل وزرا کا 10 فیصد سے بھی کم ہیں۔

نرملا سیتارامن، شوبھا کرندلاجے، اور انوپریہ پٹیل کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھا گیا ہے۔

نئی خواتین وزرا میں 3 بار کی رکن پارلیمنٹ رکشا کھڈسے (مہاراشٹر کے رہنما ایکناتھ کھڈسے کی بہو)، مدھیہ پردیش سے ساوتری ٹھاکر، گجرات سے نیموبین جینتی بھائی بمبھانیہ، اور جھارکھنڈ سے اناپورنا دیوی شامل ہیں۔

18 وزرا کی عمریں 50 سال یا اس سے کم ہیں۔ قابل ذکر نوجوان وزرا میں کے رام موہن نائیڈو، رونیت سنگھ بٹو، ساوتری ٹھاکر، شانتنو ٹھاکر، ایل مروگن، کملیش پاسوان، رکشا کھڈسے، ستیش دوبے، راج بھوشن چودھری نشاد، جتن پرساد، جینت چودھری، چندر شیکھر، چیماس پیگرا شامل ہیں۔

جب نریندر مودی نے 2019 میں دوسری بار عہدہ سنبھالا تھا تو کابینہ کی اوسط عمر میں پچھلی مدت کے مقابلے میں 2 سال کی کمی واقع ہوئی۔

سنہ 2019 کی کابینہ میں سب سے عمر رسیدہ وزیر رام ولاس پاسوان تھے، جب کہ اسمرتی ایرانی سب سے چھوٹی تھیں، اس کے بعد وزیر مملکت انوراگ ٹھاکر ہیں۔ مرکزی وزرا میں 12 کی عمریں 60 اور 70 کے درمیان، 8 کی عمریں 50 سے 60 کے درمیان اور 2 کی عمریں 50 سال سے کم تھیں۔ آزاد چارج والے (بنا قلمدان) وزرا کے لیے کرن رجیجو کے علاوہ سبھی کی عمر 50 سال سے زیادہ تھی۔ سنہ 2019 میں مودی کابینہ کی اوسط عمر 59.36 سال تھی۔

سنہ2021  میں جب وزرا کی کونسل میں توسیع ہوئی، نسیت پرمانک (35 سال) سب سے کم عمر وزیر بنے جب کہ سب سے بڑی عمر کے وزیر 72 سال کے سوم پرکاش تھے۔

50 سال سے کم عمر کے دیگر وزرا میں اسمرتی ایرانی (45 سال)، کرن رجیجو (49 سال)، منسکھ منڈاویہ (49 سال)، کیلاش چودھری (47 سال)، سنجیو بالیان (49 سال)، انوراگ ٹھاکر (46 سال)، ڈاکٹر بھارتی پروین پوار (42 سال)، انوپریہ سنگھ پٹیل (40 سال)، شانتنو ٹھاکر (38 سال)۔ )، جان بارلا (45 سال)، اور ڈاکٹر ایل مروگن (44 سال)۔ 2021 میں حلف اٹھانے والے 43 وزرا کی اوسط عمر 56 سال تھی۔ تاہم وزراکی نئی کونسل کی مجموعی اوسط عمر بڑھ کر 58 سال ہو گئی۔ ردوبدل اور توسیع سے پہلے اوسط عمر 61 سال تھی۔

2014 کی طرح سنہ 2019 کی مودی کابینہ میں 75 سال سے زیادہ عمر کے کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو شامل نہیں کیا گیا۔ 2016 میں نجمہ ہپت اللہ اور کلراج مشرا کو کابینہ چھوڑنی پڑی تھی۔ تاہم سنہ 2024 کی کابینہ میں جیتن رام مانجھی (79 سال) 75 سال سے زیادہ عمر کے واحد وزیر ہیں۔

مودی کابینہ میں مسلمان وزیر کیوں نہیں لیا گیا؟

نریندر مودی کی نئی کابینہ میں ایک بھی مسلمان وزیر نہیں لیا گیا جس کی وجہ بھارتی میڈٰیا میں یہ بتائی گئی ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی  کے علاوہ  این ڈی اے اتحاد کی دوسری کسی دوسری جماعت سے بھی کوئی مسلمان الیکشن جیت کر رکن اسمبلی منتخب نہیں ہو سکا اس لیے کابینہ میں کوئی مسلمان شامل نہیں۔ تاہم آئین کے تحت نریندر مودی کو یہ اختیار بھی حاصل تھا کہ وہ کسی بھی غیر منتخب شخص کو وزیر مملکت یا مشیر مقرر کر سکتے تھے جسے کے لیے  6  ماہ کے اندر  الیکش لڑ کر منتخب ہونا ضروری تھا  تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

حالیہ انتخابات میں 24 مسلمان امیدوار کامیاب ہوکر لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ ان میں سے 21 کا تعلق انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد انڈین ڈویلپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) سے ہے۔ باقی میں سے ایک رکن کا تعلق انڈیا مجلس اتحاد مسلمین سے جبکہ 2 مسلمان امیدوار آزاد حیثیت میں کامیاب ہوکر 543 رکنی لوک سبھا پہنچے ہیں۔

ماضی میں کابینہ مسلمان وزیر کے بغیر نہیں ہوتی تھی

ماضی میں بھارتی کابینہ میں کم از کم ایک مسلمان وزیر ضرور ہوا کرتا تھا۔ نریندر مودی کی سنہ 2014 اور سنہ 2019 میں بنائی گئی کابینہ میں بھی ایک، ایک مسلمان وزیر شامل تھا۔

جہاں تک سنہ 2004 اور سنہ 2009 کی کانگریس کی حکومتوں کا تعلق ہے تو ان میں بالترتیب 4 اور 5 مسلمان وزیر شامل تھے جب کہ  سنہ 1999 میں بی جے بی کی اتحادی حکومت میں جب اٹل بہاری واجپائی وزیر اعظم کی کابینہ میں بھی 2 مسلمان وزیر شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp