بہت خوش قسمت ہوتے ہیں وہ اداکار جو اپنی پہلی ہی فلم کے ذریعے فلمی دنیا میں چھا جاتے ہیں اور ان کا پہلا قدم ہی انہیں آسمان کی بلندیوں پر پہنچادیتا ہے لیکن ان کے بارے میں آپ کیا کہیں گے جو اپنے ڈیبیو میں یہ سب حاصل کرنے کے باوجود کسی وجہ سے پردے سے غائب اور پرستاروں کی نظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ہم یہاں بات کر رہے ہیں سنہ 1990 میں ریلیز ہونے والی سپر ڈوپر فلم عاشقی کی ہیروئن انو اگروال کی جنہوں نے اپنی اس پہلی ہی فلم میں دھوم مچادی تھی اور پرستاروں کا دل چرا لیا تھا پھر کچھ ایسا ہوا جس نے ان کی زندگی ہی بدل کر رکھ دی۔
انو اگروال کی ابتدائی زندگی
دہلی یونیورسٹی میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انو اگروال نے ماڈلنگ کی اور بطور وی جےبھی ایک مختصر وقت گزارا۔ وہ سنہ 1988 میں دوردرشن کے سیریل ’اسی بہانے‘ میں بھی نظر آئیں۔ بہر حال مہیش بھٹ کی سنہ 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم عاشقی میں انو اگروال نے راہول رائے کے ساتھ کام کیا جو خود بھی اپنا ڈیبیو ہی کر رہے تھے اور دونوں کی اداکاری نے اس فلم کو سپر ہٹ بنادیا۔
بلاک بسٹر ڈیبیو عاشقی کے بعد انو اگروال کی زندگی
بلاک بسٹر فلم کی ریلیز کے فوراً بعد مرکزی کاسٹ اس فلم کے ناقابل فراموش خوبصورت گانوں کی وجہ سے بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچی۔ بعد میں انواگروال نے کنگ انکل، کھل نائکا اور جنم کنڈلی جیسی فلموں میں کام کیا لیکن ان میں سے کوئی بھی ان کی پہلی ریلیز جتنی کامیاب نہ ہوسکی۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ماضی کی اداکارہ نے اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ اس وقت کے بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود وہ خود کو اور اندرونی خوشی کو تلاش کرنا چاہتی تھیں لہٰذا انہوں نے بہتر زندگی گزارنے کے لیے یوگا کی مشق شروع کردی تھی۔ انو اگروال آخری بار سنہ 1996 میں فلم ریٹرن آف جیول تھیف میں نظر آئی تھیں۔
اور پھر انو اگروال کی زندگی نے ایک المناک یو ٹرن لیا جب سنہ 1999 میں وہ ایک خطرناک کار حادثے کا شکار ہوئیں جس کے باعث وہ 29 دن تک کوما میں رہیں جس نے ان کی یادداشت کو مٹا دیا اور یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ وہ 3 سال تک زندہ رہیں گی لیکن انہیں یقین تھا کہ وہ ٹھیک ہو جائیں گی۔ انو اگروال کے مثبت اعتقاد نے انہیں ایک المناک حادثے سے صحت یاب ہونے میں مدد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جو کچھ بھی سیکھا تھا اسے میں نے خود پر لاگو کیا اور خود کو ٹھیک کیا پھر میں نے کچی آبادی کے بچوں کے لیے یوگا تھراپی شروع کی اور پھر مجھے بعد میں دوسری تنظیموں نے بھی پہچانا۔
انو اگروال کا ادارہ
پیشہ ورانہ محاذ پر انو اگروال کا ایک ادارہ ہے جہاں وہ یوگا سکھاتی ہیں اور لوگوں کو اپنے دماغ اور جسم کا خیال رکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔