کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ آپ اپنی گاڑی ابھی چلانا شروع ہی کرتے ہیں کہ آپ کو کہیں سے بلی کے بچے کی چیخ پکار سنائی دینی لگ جاتی ہے۔ اپنی مہم جوئی کی عادت سے مجبور یہ شریر بچے اکثر گاڑیوں کے ٹائروں یا بمپر وغیرہ میں گھس جاتے ہیں اور بعد میں خود بھی پریشان ہوتے ہیں اور آپ کو بھی پریشان کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایسا ہی کچھ امریکا میں ایک ٹرک ڈرائیور کے ساتھ بھی ہوا لیکن ایک اچھی بات یہ ہوئی کہ اس نے اپنی گاڑی چلانے سے پہلے اس کا چاروں طرف سے اچھی طرح جائزہ لیا جس سے اسے پتا چل گیا کہ اس کے ٹرک کے ایک حصے میں ایک بن بلایا مہمان گھس آیا ہے۔
وہ بلی کا بچہ ٹرک کو کھڑا دیکھ کر اس کے کونوں کھدروں میں گھسا اور پھر 2 پہیوں کے درمیان والی جگہ اسے بھاگئی جہاں وہ اطمینان سے بیٹھ تو گیا لیکن پھر وہاں سے نکلنے کا راستہ اسے سجھائی نہ دیا۔ تاہم اوہائیو اسٹیٹ پیٹرول کے دستوں نے ٹرک کے پہیوں کے درمیان پھنسے اس بلی کے بچے کو بچالیا۔
اوہائیو اسٹیٹ پیٹرول کے شمال مشرقی اوہائیو کے دفتر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایک ڈرائیور پورٹیج کاؤنٹی میں اپنے ٹرک پر سفر شروع کرنے سے پہلے اس کا جائزہ لے رہا تھا کہ اسے 2 ٹائروں کے درمیان ایک بلی کا بچہ پھنسا ملا۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بتا رہا ہے کہ کس طرح ایک بلی کا بچہ 2 ٹائروں کے درمیان والی تنگ جگہ میں پھنسا ہوا ہے اور نکل نہیں پارہا۔
او ایس پی حکام سوشل میڈیا پر لکھا کہ ٹرک کے پہیے کے درمیان خلا میں پھنسا ہوا بلی کا بچہ کس طرح پریشان تھا اور اسے بخیروعافیت کیسے نکالا گیا۔
ریسکیورز نے ٹائروں میں سے ایک کو ہٹا دیا اور گتے کے ڈبے میں بلی کے بچے کو محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں اس مہم جو بلی کے بچے کو پورٹیج اینیمل پروٹیکشن لیگ کے حوالے کر دیا گیا۔