بھارت کے امیرترین اور کامیاب ترین بزنس مینز میں سے ایک رتن ٹاٹا کی جانب سے موت سے لڑتے کتے کی جان بچانے کے لیے کی جانے والی اپیل رنگ لے آئی۔
مزید پڑھیں
معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے خون کے عطیے کی اپیل کی تھی، مگر حیرت انگیز طور پر خون کا عطیہ کسی انسان کے لیے نہیں بلکہ ایک شدید بیمار کتے کے لیے مانگا گیا تھا۔
انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی پوسٹ میں رتن ٹاٹا نے لکھا تھا کہ ’ہمیں ممبئی میں واقع اپنے ہسپتال میں کتے کے لیے خون کی ضرورت ہے‘۔
اپنی اپیل مین رتن ٹاٹا نے لکھا تھا کہ ممبئی کے اپنے چھوٹے جانوروں کے ہسپتال میں مشتبہ ٹک بخار اور شدید خون کی کمی میں مبتلا 7 ماہ کے کتے کے لیے خون کے عطیہ کی ضرورت ہے۔
اس پوسٹ میں ڈونر کتوں کے لیے معیار بھی واضح کیا گیا تھا، جس کے مطابق:
طبی لحاظ سے صحت مند
عمر1 سے 8 سال کے درمیان
وزن کم از کم 25 کلو
مکمل طور پر ویکسین شدہ اور کیڑوں سے پاک
کسی بھی بڑی بیماری سے پاک
پچھلے 6 ماہ میں ٹک بخار میں مبتلا نہ رہا ہو
انسٹاگرام پر کی جانے والی یہ اپیل تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر 4.8 لاکھ سے زیادہ لائکس اور بے شمار حوصلہ افزا تبصرے آئے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’ممکنہ میچ کے لیے کسی رابطے کے ساتھ ایک ٹیکسٹ بھیجا ہے‘۔ جب کہ دوسرے نے لکھا کہ ’تصور کریں کہ ایک ارب پتی کتوں کی مدد کے لیے درخواست پوسٹ کر رہا ہے‘۔
رتن ٹاٹا کی پوسٹ کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کو بیمار کتے کے لیے مطلوبہ معیار کے مطابق ڈونر مل گیا۔ جبکہ ڈونر ملنے پر بھارتی بزنس مین نے کہا کہ ممبئی والوں کا اس مشکل وقت میں کام آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
رتن ٹاٹا کی جانوروں کی فلاح و بہبود سے وابستگی
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رتن ٹاٹا نے مصیبت میں گھرے جانوروں کی مدد کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا ہو۔ اس سے پہلے، انہوں نے ساؤن ہسپتال کے قریب لاوارث کتے کے بارے میں پوسٹ کی تھی، جس میں مالک کے تلاش تھی اور عبوری طور پر کتے کی دیکھ بھال کی پیشکش کی گئی تھی۔
رتن ٹاٹا کی کتوں سے محبت مشہور ہے۔ ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں آوارہ کتوں کے لیے دوستانہ پالیسیوں سمیت ان کے اقدامات جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی لگن کو ظاہر کرتے ہیں۔