وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ’عوام پاکستان پارٹی‘ کی لانچنگ پر کہا ہے کہ آج ارب پتی سیاستدانوں کے اکٹھ میں پرانی ٹیپ چلائی گئی، اور تضادات سے بھرپور تقریریں سننے کو ملیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تقریریں کرنے والے ماضی میں اقتدار کی کرسی سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے، عوام کا سوال ہے کہ جب کرسی پر براجمان تھے تو کیوں خاموش تھے۔
یہ بھی پڑھیں نئی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘ لانچ، وزیراعظم آرمی چیف کے تابع نہیں ہوسکتا، شاہد خاقان عباسی
انہوں نے شاہد خاقان عباسی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب آپ ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب کیوں خاموش رہے، ’جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے‘۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے آج مفتاح اسماعیل اور دیگر دوستوں کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان پارٹی‘ لانچ کردی ہے، جس کا باضابطہ اعلان اسلام آباد میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ’عوام پاکستان‘ سوچ کا نام ہے، ہم ہر قیمت پر اقتدار نہیں ڈھونڈ رہے، ہم عوام کے پاس جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں ہم بھی عمران خان والی غلطیاں کر رہے ہیں، مفتاع اسماعیل
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہم سے اشاروں کنایوں میں پوچھا جاتا ہے کہ کیا آپ کی جماعت اسٹیبلشمنٹ کی ہے، پاکستان میں یہ تاثر عام ہوچکا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر سیاست نہیں ہوسکتی، لیکن ہمارا اسٹیبلشمنٹ سے تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کا وزیراعظم آرمی چیف کے تابع نہیں ہو سکتا، ہمیں آئین کو موقع دینا ہوگا کیونکہ ہر کوئی آئین کے تابع ہے۔