سعودی عرب کی فضائی راستے سے غزہ میں 30 ٹن خوراک و دیگر امدادی اشیا کی فراہمی

ہفتہ 6 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب نے فضائی آپریشن کے ذریعے غزہ پٹی میں جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے خوراک اور دیگر ضروری اشیا پر مبنی 30 ٹن وزنی امدادی سامان فراہم کیا ہے۔

شاہی ایوان کے مشیر اور کنگ سلمان امدادی مرکز کے نگران ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کو بتایا کہ سعودی عرب نے اردنی ہاشمی خیراتی تنظیم اور اردنی ہاشمی مسلح افواج ’عرب فوج‘ کے تعاون سے غزہ پٹی میں خوراک کی امداد فضائی راستے سے فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطینیوں کو آزاد ریاست ملنے تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوں گے، سعودی عرب

انہوں نے کہا کہ کہ اس کارروائی کا مقصد اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والی سرحدی گزرگاہوں کی بندش کو توڑنا تھا۔

ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ مملکت نے اردن کو انسانی امداد کی فضائی فراہمی کے لیے خوراک، چھتریوں اور آلہ جات پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خوراک میں شامل اشیا کا فوری استعمال ممکن ہے اور انہیں گرم کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ سلمان کا فلسطینی شہدا اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے لیے حج کا خصوصی انتظام

انہوں نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز غزہ پٹی میں انسانی امداد کے کاموں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے سرحدی گزرگاہوں کے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ بڑے پیمانے پر انسانی امداد متاثرین تک پہنچائی جا سکے۔

ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے غزہ پٹی میں بحران کے آغاز سے ہی ایک بڑی عوامی امدادی مہم شروع کی، جس میں اب تک 184 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی مالی امداد جمع کی جاچکی ہے۔ اس مہم کے تحت 54 طیاروں پر مشتمل فضائی پل اور 8 جہازوں پر مشتمل سمندری پل بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کا خیر مقدم

ڈاکٹر الربیعہ نے مملکت سعودی عرب کی حکومت اور اس کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے نیک عمل کو قبول فرمائے اور غزہ بحران کا جلد خاتمہ ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp