کیا ’کارٹون نیٹ ورک‘ واقعی بند ہورہا ہے؟

منگل 9 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر بچوں کے معروف امریکی ٹیلی وژن چینل ’کارٹون نیٹ ورک‘ بند ہونے کی خبریں تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر RIPCartoonNetwork# کا ٹرینڈ چل رہا ہے جس پر صارفین پریشان نظر آتے ہیں کہ یہ موجودہ دور میں ان کے لیے تفریح کا سامان ہے جس کو بند کیا جارہا ہے۔ ان کا ایک ہی سوال ہے کہ کیا کارٹون نیٹ ورک واقعی بند ہورہا ہے یا ماضی کی طرح ایک بار پھر صرف ایک افواہ اُڑائی جا رہی ہے۔

’آر آئی پی کارٹون نیٹ ورک‘ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کرنے کے بعد سینکڑوں صارفین کارٹون نیٹ ورک بند ہونے والی پوسٹ کو دوبارہ ری پوسٹ بھی کررہے ہیں لیکن اس حوالے سے ابھی تک کارٹون نیٹ ورک کی جانب سے کوئی ردِعمل نہیں دیا گیا کہ اس بات میں کوئی صداقت ہے یا نہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں کہ کارٹون نیٹ ورک کے بند ہونے سے اینیمیشن کے لیے کیا خطرہ ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ کارٹون نیٹ ورک کے بارے میں بھی بتائیں۔

ایک ایکس صارف نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک دور کا اختتام ہے، کارٹون نیٹ ورک باضابطہ طور پر بند ہوگیا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ تمام شوز جنہوں نے ہمارا بچپن خوشگوار بنایا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ کارٹون نیٹ ورک نے اب تک کے سب سے بڑے شوز متعارف کروائے ہیں اور ہم اس کے لیے ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔

جہاں ایک طرف متعدد صارفین کارٹون نیٹ ورک کے بند ہوجانے پر افسردگی کا اظہار کررہے ہیں وہیں چند میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد چیلنجز کے باوجود کارٹون نیٹ ورک بند نہیں ہورہا اور اپنا کام ماضی کی طرح جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ 2022 میں بھی سوشل میڈیا پر ان خبروں نے سر اٹھایا تھا کہ کارٹون نیٹ ورک ہمیشہ کے لیے بند ہورہا ہے لیکن کارٹون نیٹ ورک نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا تھا کہ وہ کہیں نہیں جارہے اور ہمیشہ آپ کے گھروں کی زینت بنتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی کمپنی ’کارٹون نیٹ ورک‘ یکم اکتوبر 1992 کو متعارف کروائی گئی تھی، کارٹون نیٹ ورک کے کارٹونز پاور پَف گرلز، ایڈونچر ٹائم، لونی ٹونز، ٹام اینڈ جیری، اسکوبی ڈو، بین10 بچوں اور بڑوں میں دلچسپی اور شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp