120 پاکستانیوں نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرلی

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم نے 120 پاکستانی طلبا اور اسکالرز کو امریکا میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اس گروپ میں فلبرائٹ فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام کے شرکا بھی شامل تھے۔ فلبرائٹ پروگرام امریکی حکومت کا فلیگ شپ اکیڈمک ایکسچینج پروگرام ہے اور یہ پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے پروگراموں میں سے ایک ہے۔

امریکی حکومت کے تعاون سے ہونے والے فلبرائٹ تعلیمی تبادلے طلبا کو اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں میں جانے، تحقیق کو آگے بڑھانے، علم کا اشتراک کرنے اور عالمی روابط بنانے کے قابل بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی رضاکار تنظیم  کے ذریعے طالبات کے لیے میٹرک اسکالرشپ کا اعلان

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ روانہ ہونے والے طلبا تعلیم کی غرض سے جانے اور امریکی ثقافت سے روشناس ہونے کے لیے اچھی طرح سے لیس ہوں، پاکستان میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے اسلام آباد میں 2 روزہ پری ڈیپارچر اورینٹیشن کا اہتمام کیا۔

اس موقعے پر سفیر بلوم نے کہا کہ آپ نے اسے ناقابل یقین حد تک مسابقتی درخواست کے عمل کے ذریعے حاصل کیا ہے اور آپ کو اپنی کامیابی پر فخر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خاص طور پر فلبرائٹ کے شرکا کے اتنے متنوع گروپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی جو پاکستان کے بہت سے جغرافیائی خطوں اور زندگی کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

اس سال کا گروپ 66 امریکی یونیورسٹیوں میں اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کر رہا ہے۔ وہ صحت، تعلیم، کمپیوٹر سائنسز، ماحولیاتی علوم اور سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں کا مطالعہ کرے گا۔ اس گروپ میں 102 ماسٹرز اور 13 پی ایچ ڈی طلبا کے ساتھ ساتھ 5 فلبرائٹ فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ فیلوز شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے تربیتی اسکالر شپ 2024 پروگرام کا اعلان کر دیا

گروپ کا 55 فیصد خواتین پر مشتمل ہے جو صنفی مساوات کے لیے پروگرام کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ فلبرائٹ اسکالرشپ مطالعہ کی پوری مدت کے لیے سفر، رہنے کے وظیفے، ہیلتھ انشورنس اور ٹیوشن کا احاطہ کرتی ہے۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ امریکا میں اپنے وقت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلبرائٹ اسکالرشپ ایک زندگی بدل دینے والا موقع ہے جو عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع کے دروازے کھولتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے آپ کو معروف فیکلٹی، جدید سہولیات اور ایک متنوع تعلیمی ماحول تک رسائی حاصل ہو گی جو اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ آپ ایسی دوستی کریں گے جو زندگی بھر رہے گی اور ہمارے دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی جانب سے طلبا و طالبات کو اسکالرشپس دینے کے اعلان پر افغان عوام کا اظہارِ تشکر

پاکستان میں فلبرائٹ پروگرام کا اہتمام یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کرتی ہے۔ یہ ایک دو قومی کمیشن ہے جو سنہ 1950 میں امریکا اور پاکستان کی حکومتوں نے قائم کیا تھا۔

اب تک 2896 سے زیادہ پاکستانیوں نے مشترکہ بین الاقوامی خدشات کا حل تلاش کرنے میں کردار ادا کرتے ہوئے فلبرائٹ ایوارڈز حاصل کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp