بین الاقوامی رضاکار تنظیم  کے ذریعے طالبات کے لیے میٹرک اسکالرشپ کا اعلان

اتوار 31 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی رضاکار تنظیم ’ والنٹیئر سروس اوورسیز‘ اور دیہی ترقیاتی سوسائٹی (پی آر ڈی ایس) نے غربت، رسائی کی کمی، ثقافتی رکاوٹوں اور دیگر مسائل کی وجہ سے تعلیم مکمل کیے بغیر قبل از وقت اسکول چھوڑنے والی طالبات کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔

اس اقدام کے ذریعے صوبے کے منتخب اضلاع میں 13 سے 17 سال کی عمر کی لڑکیوں کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں وی ایس او، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پی آر ڈی ایس کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

ایم وائی آر پی خیبر پختونخوا کے پروگرام منیجر طارق حیات یوسفزئی کے مطابق اسکول چھوڑنے والی یا وہ لڑکیاں جنہوں نے بعض وجوہات کی بنا پر اپنی تعلیم چھوڑ دی تھی وہ میٹرک پروگرام میں مفت داخلے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

دلچسپی رکھنے والی طالبات 20 اپریل 2024 تک پشاور میں اے آئی یو کے ریجنل کیمپس میں اپنی درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔

معاہدے کے مطابق خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں 1200 طالبات کو رواں سال کے دوران اے آئی یو کے فاصلاتی تعلیمی نظام کے ذریعے 2 سالہ میٹرک کورس میں مفت داخلہ دیا جائے گا۔

پروگرام منیجر طارق حیات نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد ان طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو غربت، اسکولوں تک رسائی کی کمی، ثقافتی رکاوٹوں اور دیگر وجوہات کی وجہ سے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں۔

 ای سی ڈبلیو ملٹی ایئر ریزیلینس پروگرام کے تحت طلبہ میں مفت داخلے کے علاوہ مفت نصابی کتابیں بھی تقسیم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان 3 منتخب اضلاع کے طلباء علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے قریبی ریجنل دفاتر سے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم بی کے ساتھ درخواستیں 20 اپریل تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داخلہ فارم یونیورسٹی کی آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے بھی جمع کرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کی دستاویزات کی مناسب جانچ پڑتال اور شارٹ لسٹنگ کے بعد اہل طلباء کو دو سال کی مدت کے لئے اسکالرشپ دی جائے گی تاکہ وہ میٹرک مکمل کرسکیں۔

طارق حیات نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان اضلاع میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینا اور لڑکیوں کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ترغیب دینا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp