ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کو 20 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
برطانیہ کے شہر برمنگھم کے نارتھمپٹن شائر کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئنز لیگ آف لیجنڈز اہم مرحلے میں داخل، سیمی فائنل میں پہنچنے والی 4 ٹیمیں کونسی ہیں؟
پاکستان کی جانب سے کپتان یونس خان نے 45 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کے 3 اہم بیٹرز شرجیل خان، شعیب ملک اور مصباح الحق صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر کامران اکمل 46 جبکہ صہیب مقصود اور شاہد آفریدی ایک، ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عامر یامین اور سہیل خان نے 17، 17 گیندوں پر 37، 37 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے فیڈل ایڈورڈز نے 3، سلیمان بین نے 2 جبکہ جیروم ٹیلز اور ڈیوین اسمتھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 178 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوین اسمتھ 26، کرس گیل 22، چیڈوک والٹن 19، جوناتھن کارٹر 7، ایشلے نرس 36، جیسن محمد 7، ڈیرن سیمی 10، ریاد ایمرت 29، جیروم ٹیلر 4 اور سلیمان بین صفر رنز بنا کر آؤٹ جبکہ ٹینو بیسٹ 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے 4 جبکہ وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دے دی
پاکستان کی قیادت یونس خان جب کہ ڈیرن سیمی ویسٹ انڈیز کی کپتانی کررہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے گروپ میچز میں پاکستان کی کارکردگی نہایت شاندار رہی، پاکستان نے آسٹریلیا، انڈیا، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف اپنے تمام 4 میچز جیتے۔
دوسری جانب، ویسٹ انڈیز نے اپنے 4 میچز میں سے صرف 2 میں کامیابی حاصل کی اور نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
پاکستان چیمپیئنز الیون
کامران اکمل (وکٹ کیپر)، شرجیل خان، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، شعیب ملک، یونس خان (کپتان)، مصباح الحق، عامر یامین، وہاب ریاض، سہیل خان اور سہیل تنویر۔
ویسٹ انڈیز چیمپیئنز الیون
ڈیوین اسمتھ، چاڈوک والٹن (وکٹ کیپر)، جوناتھن کارٹر، کرس گیل، جیسن محمد، ایشلے نرس، ڈیرن سیمی (کپتان)، ریاد ایمرت، ٹینو بیسٹ، جیروم ٹیلر اور سلیمان بین۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز، پاکستان نے بھارت کو 68 رنز سے شکست دیکر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا دوسرا سیمی فائنل بھی برطانیہ کے شہر برمنگھم کے نارتھمپٹن شائر کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں انڈیا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
یاد رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز فائنل 13 جولائی کو سیمی فائنلز کی 2 فاتح ٹیموں کے مابین برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔