کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ، غفوربستی میں 5 بچے کھیلتے ہوئے گٹر میں گر گئے جن میں سے 2 جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی طور پر ایک بچے کی لاش اور ایک کو زخمی حالت میں نکالا گیا لیکن نالے میں مزید بچوں کے موجود ہونے کی اطلاع پر ریسکیو حکام نے تلاش جاری رکھی اور تمام بچوں کو نکال لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کراچی کو کس حال میں پہنچا دیا‘ گٹر میں گرنے والی خاتون کی ویڈیو وائرل
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 10 سالہ طلحٰہ لاشاری اور 4 سالہ حسنین ہیں جب کہ زخمیوں میں 7 سالہ ثاقب، 11 سالہ پرویز اور 10 سالہ عباس لاشاری شامل ہیں۔
میمن گوٹھ تھانے کی پولیس کا مزید کہنا ہے کہ 10 محرم کے حوالے سے بچے اپنے محلے کی گلی میں سبیل چلا رہے تھے، جس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے کہا کہ کچی آبادی پر مشتمل اس علاقے میں سرکاری سطح پر کوئی سیوریج لائن نہیں جس کی وجہ سے یہاں کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں میں 20 سے 25 فٹ گہرے گڑھے بنائے ہوئے ہیں، جس میں پائپ سے سیوریج کا پانی ڈالا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک اور ’کمسن بچہ کھلے گٹر میں گر کر ’پیپلزپارٹی کی 15 سالہ کارکردگی کی نذر‘
پولیس کے مطابق، ان گڑھوں کو مقامی لوگوں نے ڈھکا ہوا ہے، تاہم آج سبیل کے باعث گلی میں بچوں کا رش تھا اور کچھ بچے ایسے ہی سیوریج کے ایک گڑھے کے اوپر کھڑے تھے اور زیادہ وزن کی وجہ سے سیوریج کے گڑھے کی چھت ٹوٹ گئی اور 3 بچے اندر گر گئے۔
گٹر میں گرنے والے بچوں کو بچاتے ہوئے 2 اور بچے اندر گرگئے، ریسکیو کے دوران 2 بچوں کی لاشوں کو نکالا گیا جب کہ 3 زخمی بچوں کو بچا لیا گیا۔ زخمی بچوں میں سے ایک بچہ تاحال اسپتال میں زیرعلاج ہے۔