امریکی ریاست فلوریڈا میں حکام بے کاؤنٹی کی سڑک کے کنارے لاوارث پائے گئے طیارے کا معمہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر پاناما سٹی بیچ میں واقع ’زو ورلڈ‘ کے لوگو سمیت مختلف نشانات ثبت ہیں۔
اسپرنگ فیلڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کاک پٹ، اور اگلے پروپیلر پر مشتمل طیارے کا ایک بڑا حصہ ٹرانسمیٹر روڈ کے کنارے لاوارث پایا گیا ہے، جس پر ’زو ورلڈ‘ کے نشانات بھی کندہ ہیں، تاہم کمپنی کا موقف ہے کہ اس نے مذکورہ جہاز سے ایک ہفتے قبل چھٹکارہ حاصل کرلیا تھا۔
زو ورلڈ کی اسسٹنٹ پارک ڈائریکٹر جیڈینا ٹیریل نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ جہاز ایک نمائش کا حصہ ہوا کرتا تھا، لیکن اسے ایسی چیز لانے کے لیے ہٹا دیا گیا جو برقرار رکھی جاسکے۔
’اس نوعیت کی چیزوں پر بچوں کی چڑھائی کیخلاف اور اسے وہیل چیئر سوار لوگوں سمیت دیگر شہریوں کے لیے زیادہ موافق بنانے کے لیے، ہم کوئی دوسری چیز متعارف کرانا چاہتے ہیں تاکہ ہر کوئی اس سے لطف اندوز ہو سکے۔‘
پولیس کو علم ہوا ہے کہ طیارہ حاصل کرنے والا شخص اسے ایک کباڑیے کے پاس لے گیا تھا، اسپرنگ فیلڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پولیس چیف رسل ووئلز کے مطابق ہوائی جہاز کے آلات کے اندر کچھ ایسا مواد ہے جو رات کو چمکنے کا باعث بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کباڑیا انہیں نہیں لے سکتا۔
پولیس کے مطابق یہی وجہ رہی ہوگی کہ کباڑے نے جہاز کا بیشتر دھاتی حصہ خرید لیا ہوگا لیکن کاک پٹ میں لگے آلات والا حصہ چھوڑ دیا۔
پولیس اب اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ طیارے کا بقیہ حصہ سڑک کے کنارے کیسے پہنچا، اسسٹنٹ پولیس چیف رسل ووئلز کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار فریق کے خلاف دیوانی یا فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔