وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے معافی کے لیے منتوں ترلوں کی ابتدا ہوچکی ہے، یہ اقتدار کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے مان لیا کہ انہوں نے جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال دی تھی، اصل میں پانی کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے کہ کتنا گرم ہے۔
یہ بھی پڑھیں آئینی میلٹ ڈاؤن کا خطرہ ہے، حکومت بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف
انہوں نے کہاکہ دنیا جانتی ہے جناح ہاؤس میں لوگ کس کے کہنے پر گئے، یہ اگر معافی مانگ لیں تو اس سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی نے آج بھوک ہڑتال کی مگر لوگ اکٹھے نہیں ہوئے، تاریخ گواہ ہے کہ عمران خان نے جس کے بارے میں بھی نازیبا گفتگو کی اسی کے پاؤں پڑے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی پرپابندی کے ضمن میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع نے کہاکہ بنوں میں جو کچھ ہوا ان کی سرپرستی میں ہوا، اگر یہ معافی مانگ کر سیاسی دھارے کا حصہ بن جائیں تو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔