انڈیا کے اسٹار فاسٹ بولر محمد شامی کو اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران کئی مشکلات کا سامنا رہا۔ محمد شامی نے گزشتہ 3 ایک روزہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی ذاتی زندگی میڈیا کی زینت بنی رہی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 33 سالہ محمد شامی کا تعلق اترپردیش سے ہے۔ محمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے، ان کی اہلیہ نے ان کے خلاف گھریلو تشدد اور میچ فکسنگ سے متعلق پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا اور کرکٹرمحمد شامی میں قربتیں شادی میں بدلنے والی ہیں؟
محمد شامی مذکورہ الزامات سے بری ہوچکے ہیں تاہم ان کے دوست امیش کمار نے اب دوبارہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ ایک پوڈ کاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیش کمار نے انکشاف کیا کہ جن دنوں محمد شامی مشکل حالات کا سامنا کررہے تھے تو اس وقت انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔
امیش کمار نے کہا، ’شامی کو ان دنوں متعدد مشکلات کا سامنا تھا، وہ میرے گھر پر رہتا تھا لیکن جب پاکستان کے ساتھ میچ فکسنگ کے الزامات منظرعام پر آئے تو شامی بکھر کر رہ گیا تھا، اس رات شامی نے کہا تھا کہ وہ سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے ملک کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام ناقابل برداشت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ خبروں میں یہ بھی آیا کہ اس رات شامی کوئی سنگین قدم اٹھانا چاہتا تھا۔ امیش کمار نے اس حوالے سے مزید بتایا، ’اس رات 4 بجے میں پانی پینے کے لیے کچن میں جارہا تھا تو میں نے شامی کو بالکونی میں کھڑے پایا، میرا گھر بلڈنگ کی 19ویں منزل پر تھا۔‘
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2023 : ویرات کوہلی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، محمد شامی ٹاپ بولر قرار پائے
امیش کمار نے کہا کہ وہ رات شامی کی زندگی کی طویل ترین رات تھی، بعد میں ایک دن اس کے فون پر ایک میسج آیا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے اس کا نام کلیئر کردیا ہے، اس دن وہ اتنا خوش تھا کہ جیسے اس نے ورلڈ کپ جیت لیا ہو۔
واضح رہے کہ محمد شامی رواں برس فروری میں ٹخنے کی انجری اور پھر سرجری کے باعث آئی پی ایل اور ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے۔ تاہم اب وہ دوبارہ ٹیم میں واپس آنے کے لیے پورے جوش و خروش سے نیٹ پریکٹس کررہے ہیں اور انہوں نے پریکٹس کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، ’ہاتھ میں گیند اور پرجوش دل کے ساتھ گیم کو پلٹنے کے لیے تیار ہوں۔‘