مشوانی برادرز کی مبینہ گمشدگی پر والد کا سپریم کورٹ سے رجوع

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پروفیسر ظہور الحسن اور مظہر الحسن کی مبینہ جبری گمشدگی پران کے والد قاضی حبیب الرحمن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے معروف قانون دان اعتزاز احسن کی جبری گمشدگی سے متعلق دائر کردہ پٹیشن میں فریق بنانے کی استدعا کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کا سی ٹی ڈی پر بھائیوں کو اغوا کرنے کا الزام

سینئر ایڈووکیٹ بابر اعوان کے توسط سے سپریم کورٹ میں دائر اپنی درخواست میں قاضی حبیب الرحمن نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں بیٹوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر بروقت انصاف نہیں مل سکا۔

دونوں گمشدہ بھائیوں کے والد قاضی حبیب الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کا اغوا انتہائی تشویشناک ہے۔ بیٹوں کی زندگی کا سوال ہے، اِس لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے ہوں۔

قاضی حبیب الرحمان کے مطابق درخواست 3 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو بیان حلفی جمع کروانے کا کہا تھا کہ آئندہ کوئی شخص اغوا نہیں ہو گا لیکن یہ سلسلہ مزید تیزی پکڑ چکا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی 8 روز بعد گھر پہنچ گئے

واضح رہے کہ پروفیسر ظہور الحسن اور مظہر الحسن دونوں اظہر مشوانی کے بھائی ہیں، جو سابق وزیر اعظم عمران خان  کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا رہ چکے ہیں، مذکورہ دوںوں بھائیوں کو 6 جون کو نامعلوم افراد نے ’اغوا‘ کیا تھا، جس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں۔

گزشتہ بدھ کو لاہور ہائیکورٹ نے ظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے بعد پولیس کو جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی تھی۔

مزید پڑھیں: لاپتا افراد کے لیے حکومت نے بہت کام کیا، معاملہ ایک رات میں حل نہیں ہوسکتا، اعظم نذیر تارڑ

ایڈوکیٹ اشتیاق اے خان نے یاد دلایا کہ 24 جون کے آڈر میں جیو فینسنگ کا کہا گیا جس کا ابھی تک انتظار ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد رپورٹ ابھی تک کیوں نہیں آئی، ایس پی پولیس نے عدالت کو بتایاکہ ٹیلیفون کمپنیوں کو درخواست دیدی ہے، ایک سے سوا باقی کمپنیوں کا ڈیٹا متوقع ہے۔

ایڈوکیٹ اشتیاق اے خان بولے؛ اگر 9 مئی کا ڈیٹا لینا ہو تو دس منٹ میں یہ ڈیٹا لے لیتے ہیں، اظہر مشوانی کو بیرون ملک کالز کی گئی ہیں، اس کا صرف اتنا قصور ہے وہ بانی پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا چلاتا رہا ہے، جسٹس طارق سلیم بولے؛ اگر پیر کے دن پولیس ریکارڈ نہ لائی تو آئی جی پنجاب کو طلب کر لیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp