سابق امریکی صدر باراک اوباما اور سابق خاتون اول مشیل اوباما نے جمعے کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں نائب امریکی صدر کملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹس پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی حمایت کی ہے۔
ویڈیو کے مطابق، سابق صدر اوباما نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ کمالا ہیرس کو فون کال پر بتایا کہ وہ اور مشیل اوباما ان کی حمایت اور اس الیکشن کے ذریعے انہیں اوول آفس تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے میں انتہائی فخر محسوس کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے بھارتی گاؤں والے کیا باتیں کر رہے ہیں؟
فون کال وصول کرتے ہوئے کملا ہیرس نے اوباما اور ان کی اہلیہ کی دہائیوں پرانی دوستی اور حالیہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ’اوہ میرے خدا! مشیل، باراک، یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے، میں آپ دونوں کے ہمراہ باہر سڑک پر نکل کر (صدارتی انتخابی مہم) اس مرحلہ سے گزرنے کی متمنی ہوں، ڈَگ اور میں دونوں۔‘
Earlier this week, Michelle and I called our friend @KamalaHarris. We told her we think she’ll make a fantastic President of the United States, and that she has our full support. At this critical moment for our country, we’re going to do everything we can to make sure she wins in… pic.twitter.com/0UIS0doIbA
— Barack Obama (@BarackObama) July 26, 2024
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی متوقع صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور باراک اوباما باقاعدگی سے رابطے میں رہتے ہیں، سابق امریکی صدر ان کے لیےساؤنڈنگ بورڈ کے طور پر کام کر رہے ہیں کیونکہ وہ گزشتہ 20 سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی صدارتی اُمیدوار کے لیے کملا ہیرس کی حمایت میں اضافہ
اتوار کو صدر جو بائیڈن کے اس اعلان کے بعد کہ وہ دوبارہ صدارتی انتخاب نہیں لڑنا چاہتے، باراک اوباما نے فوری طور پر کملا ہیرس کی حمایت نہیں کی تھی، انہوں نے اس وقت ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں غیر معمولی اعتماد ہے کہ پارٹی قیادت ایک ایسا عمل ترتیب دینے میں کامیاب ہوں گے جس سے ایک شاندار نامزد امیدوار سامنے آسکے۔
تاہم جمعہ کو کملا ہیرس کی توثیق کا اعلان کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں، باراک اوباما نے نائب امریکی صدر کملا ہیرس کی تعریف کرتے ہوئے ان کے کارناموں کو دہرایا، سابق خاتون اول مشیل اوباما کا کہنا تھا کہ انہیں کملا ہیرس پر فخر ہے اور امید ہے کہ آئندہ انتخابات تاریخی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: لائیو شو میں مظاہرین امریکی نائب صدر کملا ہیرس پر بھڑک اٹھے، فلسطینیوں کی قاتل اور جنگی مجرم کے نعرے
اوباما نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کملا ہیرس کے پاس ریزیومے سے زیادہ ہے۔ ’ان کے پاس وژن، کردار اور طاقت ہے جس کا یہ نازک لمحہ مطالبہ کرتا ہے، ہمارے ذہن میں کوئی شک نہیں ہے کہ کملا ہیرس کے پاس وہ سب کچھ ہے جو اس الیکشن کو جیتنے اور امریکی عوام کی خدمت کے لیے درکار ہے۔‘
باراک اور مشیل اوباما کی مشترکہ فون کال کا جواب دیتے ہوئے کملا ہیرس نے انہیں بتایا کہ سب سے زیادہ، وہ انہیں بتانا چاہتی ہیں کہ ان کے الفاظ اور ان تمام سالوں پر محیط ان کی دوستی اتنی زیادہ اہم ہیں کہ وہ بیان نہیں کرسکتی۔ ’۔۔۔لہذا آپ دونوں کا شکریہ! میرے لیے یہ بہت معنی رکھتی ہیں۔‘
ڈیموکریٹک پارٹی کی متوقع صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے ابھی تک اپنے ساتھ نائب صدر کا انتخاب نہیں کیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق وکلا اور مشیروں کی ایک ٹیم جدید امریکی تاریخ میں بہت کم وقت میں نائب صدر کے امیدوار کو تلاش کررہی ہے، جس کی باقاعدہ نامزدگی کا اعلان 7 اگست سے قبل کرنا ہے۔