بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد وادی کاغان میں پھنسے سیاحوں کا انخلا جاری

جمعرات 1 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں طوفانی بارشوں کے بعد مہانڈری کے مقام پر سیلابی ریلے میں پل بہہ جانے کے باعث کاغان میں ہزاروں سیاح پھنس گئے تھے جن کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق، مانسہرہ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کے بحفاظت انخلا کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاغان: سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے، ہوٹل مالکان نے مفت رہائش کی پیشکش کردی

انہوں نے بتایا کہ مہانڈری کے مقام سے پل بہہ جانے کے باعث شاہراہ کاغان اب تک بند ہے، تاہم پل بہہ جانے کے باعث پھنسے سیاحوں کو روانہ کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی حفاظت میں 400 سے زائد گاڑیوں کے قافلے بابوسرٹاپ سے چلاس کے راستے روانہ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی ہزار کے قریب سیاح ناران اور کاغان میں موجود ہیں جبکہ وادی کاغان میں نئے سیاحوں کی آمد پر مکمل پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپر چترال: سیلاب سے پورا گاؤں تباہ، 2 ہلاکتیں

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نئے پل کی تعمیر کے بعد وادی کاغان کو سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا، وادی کاغان میں اشیائے خورونوش وافر مقدار میں دستیاب ہیں، آئندہ 24 گھنٹے میں متبادل راستے کا بندوبست کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل مہانڈری کے مقام پر پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا جس کے باعث وادی کاغان کا دیگر علاقوں سے رابطہ منطقع ہوگیا تھا۔

سیاحوں کو مفت رہائش کی فراہمی

ناران اور کالام میں بھی سیلابی صورتحال اور راستے بند ہوجانے کے باعث بڑی تعداد میں سیاح پھنس کر رہ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی یکم سے 6 اگست تک ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

سیلابی ریلوں اور پل ٹوٹنے کے واقعہ کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی شبیر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) امین الحسن کی ہدایت پر اتھارٹی کے افسران نے ناران ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر سیٹھ میت اللہ کے ساتھ ایک ملاقات کی تھی جس کا مقصد پھنسے ہوئے سیاحوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

اس ملاقات کے دوران سیٹھ میت اللہ نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے وعدہ کیا کہ تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت رہائش فراہمی کے علاوہ انہیں 2 وقت کا کھانا بھی رعایتی نرخوں پر دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp