9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے کے لیے تیار، لیکن پہلے غلطی ثابت کی جائے، علی امین گنڈاپور

ہفتہ 3 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے غلطی ثابت کی جائے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غلطی آپ کی ہو اور کہا جائے کہ معافی میں مانگوں، ایسا نہیں ہوسکتا۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا کابینہ نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی

انہوں نے کہاکہ بات چیت ہوتی رہتی ہے لیکن ابھی فیصلہ کن مرحلے میں نہیں پہنچے، زبردستی کے کاموں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ملکی حالات پر عمران خان کو تشویش ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، ہماری خواتین اب بھی جیلوں میں ہیں۔ جبکہ موجودہ حکومت عدالتوں کے احکامات ماننے سے انکاری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ شیر افضل مروت کو نوٹس پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر ہی دیے گئے، ان کو کہا تھا کہ اگر کوئی تنقید کرتا ہے تو برداشت کرلیں، یہ پارٹی کا معاملہ ہے ہم پارٹی کے اندر ہی حل کرلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp