پاکستان کے ایتھلیٹ شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر پیرس اولمپکس میں 25 میٹر ریپڈ پسٹل مقابلوں کے پہلے مرحلے میں ہی باہر ہو گئے ہیں اس طرح پاکستان کے ایتھلیٹس کی انتہائی مایوس کن کارکردگی رہی، المپکس میں شرکت کرنے والے 7 میں سے 6 ایتھلیٹس کا سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز کی مایوس کن کارکردگی
اتوار کو پیرس اولمپکس میں شوٹنگ کے 25 میٹر ریپڈ فائر کوالیفیکشن کے 2 مراحل ہوئے جس میں پاکستانی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر 25 میٹر ریپڈ پسٹل کے مقابلوں کے دوران کوالیفیکشن راؤنڈ میں ٹاپ 6 میں جگہ پانے میں ناکام ہو گئے۔
غلام مصطفیٰ بشیر نے 25 میٹر ریپڈ پسٹل کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 581 پوائنٹس حاصل کیے تاہم اس کے باوجود وہ میڈل راؤنڈ میں جگہ بنانے والے ٹاپ 6 شوٹرز کی فہرست سے باہر ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس: دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب، اولمپکس کا آغاز ہوگیا
غلام مصطفیٰ بشیر نے پہلے مرحلے میں 292 پوائنٹس حاصل کیے اس میں انہوں نے 8 سیکنڈز کی پہلی سیریز میں 98 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ 6 سیکنڈز والی دوسری سیریز میں 99 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، اسی طرح 4 سیکنڈز کی سیریز میں وہ 95 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
کھیل کے دوسرے مرحلے میں غلام مصطفیٰ بشیر کی کارکردگی مزید مایوس کن رہی، اس مرحلے کی 3 سیریز میں وہ بالترتیب 97، 97 اور 95 کا اسکور کر سکے ، اس اسکور وہ ٹاپ 6 میں جگہ بنانے میں ناکام ہو گئے۔
پیرس اولمپکس میں شریک تمام پاکستانی شوٹرز کا سفر ختم ہو چکا ہے، پاکستان سے کل 7 ایتھلیٹس پیرس اولمپکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے گئے تھے جن میں سے 6 کھلاڑیوں کو المپکس سفر اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔اب پاکستان کی تمام تر امیدیں ارشد ندیم پر ہیں جن کا پہلا مقابلہ 6 اگست کو ہو گا اور اگر وہ پہلے مرحلے میں کامیاب ہو گئے تو وہ پھر 8 اگست کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان نے پہلی بار یورپین لانگ رینج شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف اپنے اپنے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔