حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز کو نیشنل ٹیکنالوجی کونسل (این ٹی سی) کا نیا چیئرمین مقرر کردیا، این ٹی سی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ماتحت کام کرنے والا ادارہ ہے۔ دوسری جانب چیئرمین ایچ ای سی مختار احمد کی مدت ملازمت میں بھی ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز کو 4 برس کے لیے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا چیئرپرسن مقرر کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: عدالت میں سیاسی باتیں نہ کریں، 2 ہفتوں میں پالیسی دیں: چیف جسٹس سیکرٹری ایچ ای سی پر برہم
اس حوالے سے ایچ ای سی کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن ڈائریکٹر کوآرڈ ینیشن شاہ زیب عباسی نے جاری کیا، اور نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ افسران کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ای سی نے قومی تحقیقی مجلات کی ایکریڈیٹیشن کے لیے درخواستیں طلب کر لیں
وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیر اعظم کے سیکریٹری نے باضابطہ مراسلہ جاری کردیا۔ وزیر اعظم کے سیکریٹری نے مراسلہ سیکریٹری ایجوکیشن کو ارسال کیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مختار احمد کی 2سالہ مدت 29 جولائی کو ختم ہوگئی تھی اور چیئرمین کا عہدہ ایک ہفتے سے خالی تھا۔