پاکستانی عوام کی شدید تنقید کے بعد بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی 5اور ویب سیریز ’برزخ‘ کی ٹیم نے مشترکہ طور پر اسے پاکستان میں میسر یوٹیوب سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، متنازع ویب سیریز 9 اگست تک یوٹیوب سے ہٹالی جائے گی۔
ویب سیریز ’برزخ‘ کو پاکستان میں زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا کیوںکہ ملک میں زی5 پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے، تاہم اس ویب سیریز کو ہم جنس پرستی جیسے موضوع کے باعث پاکستانی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ بھارتی مداحوں کو بھاگئی
زندگی اور ٹیم برزخ نے انسٹا گرام پر اپنے مشترکہ بیان میں برزخ کے لیے غیر متزلزل حمایت کے لیے اپنے عالمی سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں موجودہ عوامی جذبات کی روشنی میں رضاکارانہ طور پر یوٹیوب پاکستان سے ’برزخ‘ ہٹالی جائے گی۔
’ہم برزخ کے لیے غیر متزلزل حمایت کے لیے اپنے عالمی سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ ایک ایسا شو ہے جو لوگوں کو ہر جگہ اکٹھا کرنے جوڑنے کے لیے بنایا گیا تھا لیکن پاکستان میں موجودہ عوامی جذبات کی روشنی میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر یوٹیوب پاکستان سے ’برزخ‘ ہٹالی جائے۔‘
مزید پڑھیں: ’فواد خان کو شرم آنی چاہیے‘، سوشل میڈیا پر اداکار کے بائیکاٹ کی مہم کیوں؟
واضح رہے کہ ویب سیریز ’برزخ‘ کی پہلی قسط 19 جولائی جبکہ اس کی 5ویں قسط یکم اگست کو ریلیز کی گئی تھی، رواں ہفتے اس کی آخری قسط کی ریلیز متوقع ہے، جس کے بعد اسے یوٹیوب پاکستان سے ہٹا دیا جائے گا۔
ویب سیریز ’برزخ‘ کو عاصم عباسی نے ڈائریکٹ کیا ہے، جو اس سے قبل ویب سیریز چڑیلز اور فلم کیک کے لیے مشہور ہیں، تاہم ان کی اس حالیہ پیشکش پر کچھ ناظرین کی جانب سے ’اشتعال انگیز‘ سمجھے جانے والے موضوعات کے حوالے سے تنازعہ کو جنم دیا تھا۔
مزید پڑھیں: فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ مینیا فیسٹول میں نمائش کے لیے منتخب
’برزخ‘ میں دو مرد کرداروں کو ہم جنس پرستی کی جانب راغب دکھایا گیا ہے، جس پر پاکستانی شائقین نے ویب سیریز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا، متعدد معروف شوبز اور فیشن کی صنعت سے وابستہ شخصیات نے بھی ویب سیریز کے ذریعے پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے جیسے الزامات عائد کیے تھے۔
سیریز کی پہلی قسط کو پہلے ہی یوٹیوب پر 4 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، اس سیریز میں فواد خان، صنم سعید، ایم فواد خان، سلمان شاہد، خوشحال خان، ساجد حسن، عظمیٰ بیگ، اور نگہت چوہدری سمیت دیگر کاسٹ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اداکار فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی، فلم کی شوٹنگ کب اور کہاں ہوگی؟
اس ویب سیریز کو اپنے آغاز پر ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں کچھ ناظرین نے اس کے جرات مندانہ بیانیہ اور مضبوط پرفارمنس کی تعریف کی تو وہیں دوسروں نے اسے ’فیملی فرینڈلی‘ نہ ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور موضوعاتی حوالوں سے اس کے مواد پر بے چینی کا اظہار کیا۔
ناظرین کے منفی رویوں پر ہدایتکار عاصم عباسی کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو عجیب و غریب کہانیاں ‘ناگوار’ لگتی ہیں، تو براہ کرم ان کا تخلیق کردہ مواد نہ دیکھا جائے۔ ’میں ہمیشہ سب کے حقوق کا دفاع کروں گا اور ایسی کہانیاں بتاؤں گا جن پر ہم یقین رکھتے ہیں۔‘