پیرس اولمپکس میں پاکستانی دستے کے 7 میں سے 6 ایتھلیٹس اپنے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے۔ ان ایتھلیٹس میں کشمالہ طلعت، گلفام جوزف، غلام مصطفیٰ بشیر، جہاں آرا نبی، محمد احمد درانی اور فائقہ ریاض شامل ہیں۔
ارشد ندیم پاکستان کے واحد ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس میں فتح کے جھنڈے گاڑے۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے جس کے بعد پاکستانی قوم کا اولمپکس مقابلوں میں میڈل کے حصول کا 3 دہائیوں سے جاری انتظار بھی بالاخر ختم ہو گیا ہے۔ ارشد ندیم نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب
پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی پر ایک نظر
ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر کو اولمپکس میں براہ راست انٹری مل گئی تھی جبکہ جہاں آرا نبی، فائقہ ریاض اور محمد احمد درانی نے وائلڈ کارڈ انٹری پر اولمپکس میں شرکت کی۔ آئیے ان ایتھلیٹس کی کارکردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
محمد علی درانی (تیراک)
پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان تیراک محمد احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل مقابلے کے ابتدائی راؤنڈ میں آخری نمبر پر رہے۔ وہ 11 سیکنڈ کے فرق سے فائنل مرحلے میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپیئن ارشد ندیم پر انعامات کی برسات
جہاں آرا نبی (تیراک)
جہاں آرا نبی بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔ جہاں آرا اپنی ہیٹ (Heat) میں تیسرے اور مجموعی طور پر 30 تیراکوں میں 26 ویں نمبر پر آئیں۔
گلفام جوزف (نشانہ باز)
پاکستانی اولمپیئن گلفام جوزف 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ میں 571 کے فائنل اسکور کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ میں 22ویں نمبر پر رہے۔ اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس 2020ء میں انہوں نے 578 کا اسکور حاصل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے اولمپک ریکارڈ کیساتھ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب، پاکستان میں جشن کا سماں
کشمالہ طلعت (نشانہ باز)
25 میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں کشمالہ طلعت فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکیں۔ شوٹنگ مقابلے میں 40 شوٹرز میں سے کشمالہ طلعت کی 22ویں پوزیشن رہی، کشمالہ طلعت نے مجموعی طور پر 289 پوائنٹس اسکور کیے۔
فائقہ ریاض (سپرنٹر)
سپرنٹر فائقہ ریاض بھی دیگر ہم وطن ایتھلیٹس کی طرح کوئی خاص کارکردگی نہ پیش کرسکیں۔ وہ ہیٹ (Heat) مقابلے میں ٹاپ 10 میں رہیں اور نہ ہی اگلے 5 مجموعی بہترین پلیئرز میں جگہ بناسکیں، ابتدائی راؤنڈ میں انھوں نے 12.49 کی پرفارمنس پیش کی، فائقہ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کا گولڈ میڈل اور کھیلوں میں پاکستان کی زبردست فتوحات
غلام مصطفیٰ بشیر (نشانہ باز)
25 میٹر ریپڈ فائر شوٹنگ مقابلے میں پاکستانی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر فائنل راؤنڈ تک نہ پہنچ سکے۔ غلام مصطفیٰ بشیر 581 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر پر رہے جہاں انہوں نے سیریز 1 میں 292 اور سیریز 2 میں 289 پوائنٹس اسکور کیے۔
ارشد ندیم (جیولین تھرو)
ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ارشد نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزا پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
فرانس میں ہونے والے فائنل مقابلے میں ارشد کی پہلی تھرو فاؤل قرار دی گئی تاہم دوسری تھرو نے 2008 میں قائم کیا گیا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ارشد کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولین تھرو تھی۔