تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ساری دنیا کو معلوم ہے موجودہ حکومت دو نمبر طریقے سے اقتدار میں آئی ہے، شہباز شریف جمہوری ظرف رکھتے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی کی کوشش کرتے۔
یہ بھی پڑھیں:صوابی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پاور شو، ہم نے چوروں کی حکومت کا راستہ روکنا ہے، محمود اچکزئی
ہفتہ کے روز لاہور میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے محمود اچکزئی اور اسد قیصر کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کسی ٹکراؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک میں 9 مئی ہی بڑا سانحہ نہیں، ملک ٹوٹنے کا بھی بڑا سانحہ ہوا، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف 9 مئی کو ہی کیوں بڑا سانحہ قرار دیا جا رہا ہے؟ کیا پاکستان بننے کے 25 سال بعد اس کے ٹوٹنے کا بڑا سانحہ نہیں ہوا، اس کے بعد تو ملک کے ایک وزیر اعظم کو بھی پھانسی پر لٹکایا گیا، پھر دوسری وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو ایک چوراہے میں دن دیہاڑے قتل کیا گیا، یہ بھی تو بڑے سانحات ہیں، ان کی تحیقیقات کا ذکر کیوں نہیں کیا جا رہا ہے؟
مزید پڑھیں:تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام آزادی کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ
محمود اچکزئی نے گلہ کیا کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اپوزیشن کو بولنے کی اجازت تک نہیں دیتے، ایسا غیر جمہوری رویہ لے کر ملک کو کیسے چلایا جا سکتا ہے، اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف جو اس وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، کے سربراہ عمران خان کو جیل میں قید کر کے رکھا گیا ہے، شہباز شریف اگر جمہوری ظرف رکھتے تو عمران خان کی رہائی کے لیے کوشش کرتے۔
محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ ناانصافی کے ساتھ کوئی بھی نظام آگے نہیں بڑھ سکتا، موجودہ حکومت کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ دو نمبر طریقے سے اقتدار میں آئی ہے، انصاف پر قائم رہنا ہے اور اگر ملک میں بڑے حادثوں کی تحقیقات کرنی ہیں تو سب کی کریں۔ حکمران غریب آدمی کو روٹی نہیں دے سکتے تو انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق بھی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موجودہ ملکی حالات میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدگی درست نہیں، محمود اچکزئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کو حقیقی آزادی منائیں گے، جلسے بھی کریں گے اور جلوس بھی نکالیں گے کیوں کہ ہم حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا ہے تو آئین پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانا ہو گا، موجودہ حکومت ایک نا جائز حکومت ہے، یہ عدل و انصاف قائم نہیں کر سکتی، مریم نواز شریف ایک ناجائز حکومت میں بیٹھ کر خود مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کا تاثر دیتی ہیں۔