کیا فائیور پاکستانی فری لانسرز کے اکاؤنٹ بند کر رہا ہے؟

منگل 13 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ سے تقریباً ہر فرد ہی پریشان ہے جبکہ اس مسئلے کے متاثرین میں وہ فری لانسرز سرفہرست ہیں جو بیرونی ممالک کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فرامز پر ایک خبر گردش کر رہی ہے جس میں یہ کہا جا رہا ہے پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش یا انٹرنیٹ کی سست رفتار کی وجہ سے فائیور پاکستانی فری لانسرز کی پروفائلز کو بند کر رہا ہے۔

اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار، سوشل میڈیا ایپس کی بندش لاکھوں لوگوں کے کاروبار کو متاثر کر رہی ہے جس سے ملکی معیشت ہر بھی یقیناً کافی متاثر ہو رہی ہے۔

وی نیوز نے سوشل میڈیا پر گردش فائیور اکاؤنٹس بلاک کرنے کی خبر  کی صحت کی بابت جاننے کے لیے کچھ فری لانسرز سے رابطہ کیا۔

سرگودھا سے تعلق رکھنے والے طاہر عمر نے وی نیوز کو بتایا کہ انٹرنیٹ کی بندش یا سست رفتار کی وجہ سے فری لانسرز کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کلائنٹس سے  لیے گئے پروجیکٹس کی ڈیڈلائن کے مطابق کام پورا نہیں ہو پا رہا جس سے نہ صرف کلائنٹس ناراض ہورہے ہیں بلکہ یہ آپ کی پروفائل پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

طاہر عمر کا کہنا تھا کہ کلائنٹس آپ پر دوبارہ اعتماد نہیں کرتے کیونکہ پاکستان میں ایک دن کی بات نہیں ہوتی ہر دوسرے دن کا یہی مسئلہ ہے۔

فائیور پر گگز کی رسائی نہ ہونے کے حوالے سے طاہر عمر نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ کی دوسرے تک رسائی نہ ہو تاہم فی الحال مجھے فائیور کی جانب سے اب تک اس قسم کا کوئی بھی میسج موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ البتہ 8 فروری کو مجھے فائیور کی جانب سے ایسا مسیج موصول ہوا تھا جس میں انہوں نے مجھے انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے یہ کہا تھا کہ وہ میری گگ کو کچھ ٹائم کے لیے بند کر رہے ہیں تو انٹرنیٹ کے مسائل کی وجہ سے اس قسم کی چیزوں کا فری لانسرز کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔

طاہر عمر نے کہا کہ فری لانسرز کو سب سے بڑا نقصان یہ ہوتا ہے کہ اگر ہم تک ان کی رسائی نہیں ہو پا رہی تو وہ انڈیا یا بنگلہ دیش کا رخ کر لیتے ہیں جس سے وہ کلائنٹ پھر دوبارہ ہماری طرف نہیں آتا۔

خدیجہ نیازی بھی ایک فری لانسر ہیں جو آن لائن آئی ٹی کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائیور کی جانب سے ان کے اکاؤنٹ کو ہمیشہ کے لیے محدود کر دیا گیا ہے اور اس کی وجہ فائیور کی جانب سے یہی بتائی گئی ہے کہ ان کی کوئی مخصوص لوکیشن نہیں تھی، ان کی لوکیشن بدل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’انٹرنیٹ کی سست رفتاری یا بندش کی وجہ سے وی پی این لگانے سے لوکیشن کے مسائل ہوتے ہیں اور مجھے بھی یہی مسئلہ درپیش ہوا جس کے باعث میں اب تک بہت زیادہ پریشان ہوں‘۔

اس حوالے سے جب وی نیوز نے فائیور سے رابطہ کیا اور ان سے آن لائن اس مسئلے کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی تو ان کی جانب سے یہی جواب موصول ہوا کہ جب اس جگہ کے تمام فری لانسرز کی جانب سے لوکیشن  کا مسئلہ در پیش آتا ہے تو سسٹم کی جانب سے اس طرح کے کیسز سامنے آتے ہیں۔

فائیور کے جانب سے جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ اکاؤنٹس کی رسائی کو وقتی طور پر اس لیے روک دیا جاتا ہے تاکہ فری لانسرز کے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھا جا سکے اور انٹرنیٹ کی وجہ سے ان کی پروفائلز کے جو مسئلے آ رہے ہیں وہ مزید نہ ہوں۔

اس حوالے سے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے صدر طفیل تبریز کہتے ہیں کہ جب بغیر سبسکرپشن کے وی پی این کا استعمال کیا جائے تو اس طرح کے معمالات آتے ہیں کیونکہ فری میں چلنے والے تمام وی پی اینز قابل اعتماد نہیں ہوتے۔

طفیل تبریز نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہوتا ہے کہ آپ پاکستان میں ہوتے ہیں اور آپ کی لوکیشن کبھی امریکا، کبھی دبئی اور کبھی کسی اور ملک کی آ رہی ہوتی ہے جس کی وجہ سے تمام آن لائن فری لانسنگ پلیٹ فارمز آپ کی حفاظت کے لیے وقتی طور پر اکاؤنٹس کو محدود کر دیتے ہیں۔

                                                                                                                                                                                                                                                                                                                واضح رہے کہ 2023 مئی میں ملک میں جب انٹرنیٹ کی بندش کی گئی، تو اس وقت 72 گھنٹوں میں پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کو دو ارب 46کروڑ کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ جبکہ آئی ٹی سیکٹر کو 10 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp