گلگت بلتستان: جشنِ آزادی پاکستان پولو کپ کا آخری اور دلچسپ مقابلہ

جمعرات 19 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

این ایل آئی کی ٹیم نے جشن آزادی پاکستان پولو کپ جیت لیا، گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی ٹیم کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔

یہ ٹورنامنٹ 5 ستمبر کو شروع ہوا، جس میں چترال سے دو اور گلگت بلتستان کی 17 ٹیموں نے حصہ لیا۔ چترال اسکاؤٹس اور چترال کی دوسری ٹیم کا سفر سیمی فائنل تک محدود رہا، جبکہ فائنل میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور این ایل آئی کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

یہ بھی دیکھیں:اسکردو کی خاتون جو جدید دور میں شالیں کھڈی پر بُنتی ہیں

پہلے ہاف میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس نے 1-3 کی برتری حاصل کی، تاہم دوسرے ہاف میں ان کے اسٹار کھلاڑی صدام کے زخمی ہونے کے بعد این ایل آئی کی ٹیم نے کھیل پر قابو پالیا۔ میچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے گول 3-3 سے برابر رہے۔

اضافی وقت میں این ایل آئی کی ٹیم نے ایک فیصلہ کن گول اسکور کیا اور یوں این ایل آئی کی ٹیم نے میچ 3-4 سے جیت کر جشنِ آزادی پاکستان پولو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

یہ بھی دیکھیں:رائلٹی فیس میں اضافہ غیر ملکیوں کے لیے پہاڑ سر کرنا خواب بن گیا

فائنل میچ دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین نے وہاب شہید پولو گراؤنڈ کا رخ کیا، جہاں ہر طرف جوش و خروش کا عالم تھا۔ پولو گراؤنڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اس فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ میچ کے اختتام پر انہوں نے ایف سی این  اے کی طرف سے پولو ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہاب شہید پولو گراؤنڈ میں مزید شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت اس گراؤنڈ کو شاہی پولو گراؤنڈ کی حیثیت  سے مزید وسیع اور جدید بنانے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

یہ بھی دیکھیں:پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ، سامان کے بغیر مسافروں کو گلگت پہنچا دیا

اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے بھی گراؤنڈ کی بہتری اور مزید گنجائش پیدا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں، جیتنے والی ٹیم اور ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں کپ اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp