ماہ اگست کے آغاز سے ہی پاکستان بھر میں جگہ جگہ اسٹالز لگ جاتے ہیں جہاں جشن آزادی کیی تیاری کے لیے سبز ہلالی پرچم اور بیجز سمیت انواع و اقسام کی اشیا مل جاتی ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ کراچی میں سڑک کنارے لگائے جانے والے 80 فیصد اسٹالز ہندو خواتین کے ہوتے ہیں؟
ہندو برادری کے لیے یہ مہینہ خاص خوشیاں لے کر آتا ہے۔ جشن آزادی منانے میں پیش پیش ہندو برادری کی خواتین ان اسٹالز کو اضافی آمدن اور جشن آزادی منانے کا ذریعہ سمجھتی ہیں۔
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی شازیہ کا کہنا ہے کہ ہم اگست کے مہینے میں یہ اسٹالز لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشی ہوتی ہے تو بھرپور طریقے سے منانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عام دنوں میں بال پوائنٹس وغیرہ بیچنے والی شازیہ کے لیے اگست کا مہینہ آزادی کے جشن منانے کے ساتھ خوشیاں بھی لے کر آتا ہے کیوں کہ یکم اگست سے 14 اگست تک یہ اس سامان سے اچھا کاروبار کر لیتی ہیں۔
اس حوالے سے سنیتا کہتی ہیں کہ جشن آزادی کے لیے بیچی جانے والی اشیا سے ہمیں خاصی بچت ہوجاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مہینے میں ہندو برادری کی خواتین خاص طور پر یہ اسٹال لگاتی ہیں جس سے انہیں خاصا منافع حاصل ہوجاتا ہے۔