پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا۔ یومِ آزادی پاکستان کو پھلوں کے بادشاہ آم سے منسوب کرتے ہوئے گوگل نے منفرد ڈوڈل پیش کیا ہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل پر دنیا بھر کے اہم تہواروں، ایونٹس اور بین الاقوامی سطح پر ریکارڈز بنانے والی شخصیات کی مناسبت سے اکثر ڈوڈل تبدیل کیے جاتے ہیں۔ اس بار بھی گوگل نے 14 اگست کے موقع پر اپنا ڈوڈل یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ڈیزائن کیا ہے۔
گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے ذائقے دار پھل آم کے نام کیا ہے، کیونکہ پاکستان کے آم دنیا بھر میں اپنے ذائقے اور معیار کی وجہ سے مشہور ہیں، گوگل نے بھی اسی وجہ سے اپنا ڈوڈل پاکستان کے قومی پھل آم سے منسوب کرتے ہوئے بنایا ہے۔
واضح رہے گوگل اس سے قبل بھی کئی بار اپنا ڈوڈل پاکستان کی مناسب سے تبدیل کرچکا ہے، گزشتہ برس بھی گوگل نے معدومیت کے خطرے سے دوچار دریائے سندھ کی نایاب ڈولفن کو اپنے ڈوڈل میں ڈیزائن کیا تھا۔