پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ہوم ٹیسٹ بہار کی آمد، پاکستان کل بنگلہ دیش سے پہلا میچ کھیلے گا
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 200 روپے، وی آئی پی 500 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ ویک اینڈ پر اس ٹکٹ کی قیمت 600 روپے ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں پہنچنے کا موقع دینے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی گئی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹ بورڈ کی ویب سائٹ PCB.tcs.com.pk سے آن لائن خریدے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ ایوی ایشن گراؤنڈ میں واقع ٹکٹ بوتھ یا نامزد ٹی سی ایس برانچز سے بھی ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے۔
میچ کے دنوں میں دو روٹس پر ایک مفت شٹل بس سروس بھی چلائی جائے گی تاکہ شائقین کی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک رسائی میں آسانی ہو۔
روٹ ایک ایوی ایشن گراؤنڈ، راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا، جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، 6 روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ہفتے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان-بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: ٹرافی کی رونمائی منفرد انداز میں
یہ فیصلہ آنے والی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاری کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کی وجہ سے کیا گیا۔