پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کی وجہ بیان کردی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر جلسے کی تاریخ تبدیل کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ: ریڈ زون سیل، ’آج نکلنا ہوگا‘، عمران خان
اعلامیے میں کہا گیا ہے اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کررہی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے تمام کارکنان کو جلسے کی تیاری جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تھی جس کے بعد آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی، آئندہ تاریخ کا اعلان کردیا گیا
بعدازاں، پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران عمران خان کو مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا تھا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی تھی کہ کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی، آئندہ تاریخ کا اعلان کردیا گیا
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا جس کے بارے میں پہلے سے نوٹیفائی ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماع منعقد کرسکتی ہے۔ جلسے کے لیے 40 نکاتی شرائط سے بھی پی ٹی آئی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔