ملائیشیا کے درالخلافے کوالا لمپور میں ایک خاتون اچانک زمین میں دھنس کر غائب ہوگئیں جن کو ڈھونڈنے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق 48 سالہ خاتون ایک مسجد کے ساتھ سڑک پر جارہی تھیں کہ ان کے اطراف کی زمین اچانک بیٹھ گئی اور وہ اس 8 میٹر سنک ہول میں گر کر غائب ہوگئیں جبکہ ایک اور شخص معجزاتی طور پر قدرتی طور پر بن جانے والے اس گڑھے میں جانے سے محفوظ رہا۔
CCTV footage shows woman being swallowed by sinkhole while walking
In #MasjidIndia #KualaLumpur Malaysia pic.twitter.com/1lEjt5mqtF— AR 💯 (@Iamazing_AR) August 23, 2024
یہ بھی پڑھیں: عالمی ثقافتی ورثے میں شامل جنّات کا علاقہ ’بہلا‘
خاتون کی تلاش کے موقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی تعداد میں امدادی کارکن اس گہرے سنک ہول میں جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ کے پاس سیڑھیاں ہیں جبکہ کچھ راستہ صاف کرنے کے لیے ہتھوڑے استعمال کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں زمین کو اچانک دھنستے اور مذکورہ خاتون کو زمین میں جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
خاتون کا کچھ پتا نہیں
کوالالمپور کے فائر اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اسے اس حادثے کی کال موصول ہوئی جس پر 15 فائر مین کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا۔
آپریشن کمانڈر محمد رضوان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے تاہم اب تک خاتون کا کچھ پتا نہیں۔
مزید پڑھیے: جیسا دکھتا ہے ویسا اکثر ہوتا نہیں، ایک ماں اپنی بچی کی میت پر ’خوش‘ کیوں؟
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشن اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور خاتون کی تلاش کا کام تندہی سے جاری ہے۔
مقامی پولیس چیف اسسٹنٹ کمشنر سلیزمی آفینڈی سلیمان کے مطابق مختلف دیگر ایجنسیوں کے 90 اہلکار بھی اس آپریشن میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں گے اور گواہوں کے بیانات لیں گے تاکہ سمجھا جاسکے کہ درحقیقت معاملہ ہوا کیا ہے۔
بی بی سی نے تبصرہ کے لیے کوالالمپور کے فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ قدرتی سنک ہول عام طور پر اس وقت بنتے ہیں جب زیر زمین پانی سطح پر موجود پتھروں کو تحلیل کرتا ہے جس سے ایک سوراخ بن جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی کے قریب سمندر میں نایاب شارک کی موجودگی کا انکشاف
اگرچہ عالمی سطح پر کوئی درست اعداد و شمار موجود نہیں ہیں لیکن ماہرین ارضیات کہتے ہیں کہ یہ معقول حد تک عام ہیں۔ ایسے سنک ہول میں کسی کے گرکر زخمی ہوجانے والا معاملہ عام نہیں بلکہ شاذونادر ہی ایسا دیکھنے میں آتا ہے۔
ہلاکتوں کے لحاظ سے حالیہ سنک ہول آفات میں سے ایک بدترین حادثہ کینیڈا میں سنہ 2010 میں پیش آیا تھا جب مونٹریال کے قریب 4 افراد پر مشتمل ایک خاندان کو ان کے گھر سمیت ایک سنک ہول نگل گیا تھا۔
دنیا کا سب سے بڑا سنک ہول جنوب مغربی چین میں واقع ہے جو 660 میٹر کی گہرا ہے۔ محققین کا خیال ہے کہ یہ 128,000 سال پہلے بنا تھا۔