بھارت نے کھیلوں کے عالمی قوانین کو روندتے ہوئے پاکستانی اسنوکر ٹیم کو ورلڈ اسنوکرز چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، چیمپیئن شپ 24 سے 31 اگست تک بھارتی ریاست بنگلور میں شیڈول ہے۔
ہفتہ کے روز میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی اسنوکر ٹیم کو بھارت کی ریاست بنگلور میں ہونے والی ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 اسنوکر چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے بھارت نے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد پاکستانی اسنوکرزعالمی چیمپیئن شپ میں شرکت سے محروم ہو گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی انڈر21 اسنوکر چیمپیئن شپ: بھارت کو شکست، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان کی جانب سے اسنوکرز پلیئرز احسن رمضان، حمزہ الیاس اور حسنین اختر کے علاوہ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور ریفری نوید کپاڈیا نے ایونٹ میں شرکت کے لیے بھارت جانے کے لیے ویزا درخواستیں جمع کروا رکھی تھیں۔
بھارت نے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور متعلقہ وزارتوں سے تمام ضروری این او سی جاری ہونے کے باوجود ویزا کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
چیئرمین عالمگیر شیخ نے بھارت کی جانب سے اس انکار پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویزا دینے سے انکار کرکے بھارت نے پاکستان کو ممکنہ تمغوں سے محروم کردیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایشین اسنوکر چیمپیئن شپ: پاکستان نے ایران اور افغانستان کو ہرا دیا
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر انٹرنیشنل ورلڈ اسنوکر ایسوسی ایشن اور بھارتی منتظمین کے سامنے سخت احتجاج درج کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات نے کھیلوں کے ذریعے ثقافتی تبادلوں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کا بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حوالے سے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان کا فیصلہ کر لیا؟ جے شاہ نے خاموشی توڑ دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو دے رکھے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔
بھارت کو گروپ اے میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان شامل ہیں۔