بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے تیسری بار شادی کرنے کے منصوبے پر خاموشی توڑ دی، جب ان سے پوچھا گیا کہ اپنی دوسری بیوی کرن راؤ سے علیحدگی کے بعد کیا وہ دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے کسی نہ کسی کی صحبت میں رہنا پسند ہے لیکن اب میں 59 سال کا ہو چکا ہوں، دوبارہ کہاں شادی کروں گا، مشکل لگا رہا ہے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران ان کی ساتھی اداکارہ ریا چکرورتی نے رائے مانگی کہ کیا انہیں شادی کرنی چاہیے؟ جس پر عامر خان نے کہا کہ ان کی زندگی میں اس وقت بہت سارے رشتے ہیں، انہوں نے اپنے خاندان، اپنے بچوں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کرلیا ہے، اور صرف ان لوگوں کے ساتھ رہ کر بہت خوش ہوں جو ان کے قریب ہیں۔
مزید پڑھیں: ’اب میں فلمیں چھوڑنا چاہتا ہوں‘، اداکار عامر خان کیا ارادے رکھتے ہیں؟
عامر خان نے کہا کہ وہ ایک بہتر انسان بننے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ تنہائی پسند نہیں ہیں اور ان کو اکیلے رہنا پسند نہیں، اس لیے صحبت کے لیے ایک ساتھی کی خواہش رکھتے ہیں۔
اس بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنی دونوں سابقہ بیویوں کے بہت نزدیک ہوں اور ہم اب بھی ایک خاندان کی طرح محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ میری پہلے ہی 2 ناکام شادیاں ہو چکی ہیں، اس لیے ان سے شادی کے بارے میں مشورہ نہ ہی لیا جائے تو بہتر رہے گا۔
واضح رہے کہ خان نے پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 سے 2002 تک کی تھی۔ جوڑے کے 2 بچے ہیں، ایک بیٹا جنید، اور ایک بیٹی جس کا نام ایرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 6 سال سے ناکام فلمیں دینے کے بعد عامر خان نے نئی حکمت عملی بنالی
اس کے بعد انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، دونوں 2011 میں سروگیٹ ماں کے ذریعے ایک بچے، آزاد کے والدین بنے۔ انہوں نے شادی کے 15 سال بعد، جون 2021 میں علیحدگی کا اعلان کیا۔